فلم ’شعلے ‘ اپنے اصل اختتام کے ساتھ انڈین فلم فیسٹیول آف سڈنی میں دکھائی جائے گی

   

ممبئی، 24 ستمبر (یواین آئی) بلاک بسٹر فلم ’’شعلے ‘‘ اپنے اصل اختتام کے ساتھ انڈین فلم فیسٹیول آف سڈنی میں دکھائی جائے گی۔ سڈنی کے انڈین فلم فیسٹیول آف سڈنی نے اعلان کیا ہے کہ نئی بحال ہونے والی فلم شعلے اس اکتوبر میں فیسٹیول کی مرکزی توجہ کا مرکز ہوگی۔ یہ فیسٹیول 9 سے 11 اکتوبر تک جاری رہے گا اور تین دنوں تک ہندوستانی سنیما کا جشن منایا جائے گا۔ ہندوستانی سنیما کی سب سے آئیکونک فلموں میں سے ایک شعلے کو فلم ہیریٹیج فاؤنڈیشن اور سیپی فلمز نے 4 کے کوالٹی میں بحال کیا ہے ۔ اس عمل میں کئی سال لگے ، لندن سے ایک نایاب کلر پرنٹ تلاش کرنا، ممبئی کے ایک گودام سے اصل کیمرہ نگیٹیوز اور کھوئے ہوئے سین کو واپس پانا شامل تھا۔ اس کا نتیجہ شاندار ویزوئل اور آڈیو کوالٹی، جس سے فلم کو اس کے اصل 70 ایم ایم فارمیٹ میں دوبارہ زندہ کیا گیا ہے ۔ خاص طور پر، یہ ہدایت کار رمیش سپی کی طرف سے تصور کردہ اصل اختتام کو پیش کرے گا، جس میں ٹھاکر گبر سنگھ کومار کراپنے خاندان کا بدلہ لیتاہے ۔