ممبئی: بالی ووڈ اداکار سونو سود نے حال ہی میں کہا ہیکہ ان کی تازہ ترین فلم فتح نے انہیں اپنے اندر چھپے سوپر ہیرو کو دریافت کرنے کا موقع دیا۔ میڈیا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں، اداکار نے بتایا کہ ایک عام آدمی کا کردار نبھاتے ہوئے، جس میں پوشیدہ طاقت اور عزم موجود ہو، نے انہیں ذاتی ترقی اور خود اعتمادی پر ایک نیا نقطہ نظر دیا۔سونو نے کہا میرا ماننا ہے کہ فلم فتح وہ خوابوں کا کردار تھا جو میں ہمیشہ ادا کرنا چاہتا تھا: ایک عام انسان جس کے اندر ایک سوپر ہیرو موجود ہے۔ میرا یقین ہے کہ ہر فرد، ہر عام انسان کے اندر ایک سوپر ہیرو چھپا ہوتا ہے۔ آپ کو بس اسے دریافت کرنا ہے۔ میں خوش ہوں کہ فلم فتح کے ذریعے میں اپنے اس پہلو کو دریافت کرنے میں کامیاب ہوا اور مجھے امید ہے کہ جب لوگ یہ فلم دیکھیں گے تو نہ صرف اس کی کہانی سے لطف اندوز ہوں گے بلکہ اس سے متاثر بھی ہوں گے۔