فلم ڈائرکٹرمنموہن دیسائی کی موت کا معمہ ہنوز برقرار

   

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف فلمساز و ہدایت کار منموہن دیسائی کا تعلق گجراتی خاندان سے تھا۔ ان کی پیدائش 26 فروری 1937 کو ممبئی میں ہوئی۔ ان کے والد کیکو بھائی دیسائی ایک ہندوستانی فلم پروڈیوسر اور پیراماؤنٹ اسٹوڈیو کے مالک تھے ۔منموہن دیسائی نے ہدایت کاری میں اپنے کیریئر کا آغاز فلم چھلیا سے کیا۔ اس کے بعد منموہن نے سبھاش کے پروڈکشن ہاؤس میں بلف ماسٹر، دھرم ویر، دیش پریمی وغیرہ جیسی فلموں کی ہدایت کاری کی۔ فلمساز نے اپنے 29 سالہ کیریئر میں 20 فلموں کی ہدایت کاری کی۔ انہوں نے بالی ووڈ سوپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ کئی فلمیں کیں۔ کہا جاتا ہے کہ امیتابھ بچن کا کریئر بنانے میں منموہن دیسائی کا بڑا ہاتھ ہے ۔ انہوں نے بگ بی کے ساتھ امر اکبر انتھونی، پرورش، سہاگ، نصیب، دیش پریمی، قلی، مرد، گنگا جمنا سرسوتی اور طوفان جیسی فلمیں بنائیں۔ ان فلموں میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔انہوں نے 1992 میں اداکارہ نندہ سے منگنی کی تھی ۔یکم مارچ 1994 کو منموہن دیسائی 57 سال کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے ۔ اطلاعات کے مطابق فلمساز کی موت بالکونی سے گرنے سے ہوئی۔ تاہم ان کی موت کے بعد بہت سی باتیں سامنے آئیں۔ لوگوں نے کہا کہ انہوں نے خودکشی کی ہے ۔ ان کی موت کیسے ہوئی اس بارے میں ابھی تک کوئی انکشاف نہیں ہو سکا ہے ۔ آج بھی ان کی موت لوگوں کے لیے ایک معمہ بنی ہوئی ہے ۔