فلپائن طوفان:ہلاکتوں کی تعداد 10ہوگئی

   

منیلا،4دسمبر(سیاست ڈاٹ کام)فلپائن کی راجدھانی کے جنوب میں سب سے زیادہ آبادی والے جزیرے لوزون میں کموری سمندری طوفان سے ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی۔ہنگامی امداد کے اداروں نے ممکنہ طور پر مزید ہلاکتوں کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے علاوہ شہریوں کو محفوظ مقام پر منتقلی کی ہدایت کردی۔اے ایف پی کے مطابق فلپائن میں سمندری طوفان ‘کموری’ کے باعث طوفانی ہواؤں اور بارش کی وجہ سے مختلف حادثات میں ہلاکتیں ہوئیں۔علاوہ ازیں شدید بارش اور طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ملک کا سب سے بڑا ائیر پورٹ بھی بند کر دیا گیا۔فلپائن میں داخل ہونے والے 20 واں سمندری طوفان کموری 2 دسمبر کی رات کو زمین پر ٹکرایا تھا جس کے بعد ہزاروں شہری انخلا پر مجبور ہوگئے ۔فراہم کردہ تازہ اطلاعات کے مطابق کموری طوفان کی شدت سے درخت اکھڑگئے اور بجلی کے پول گر گئے ۔کموری طوفان مرکزی شمالی لوزون جزیرے میں کمزور پڑچکا ہے تاہم اب بھی خطرہ موجود ہے ۔واضح رہے کہ سمندری طوفان کے باعث جنوب مشرقی ایشین گیمز کے کچھ ایونٹس کے شیڈول کو بھی روک دیا گیا جس میزبانی فلپائن 11 دسمبر تک کررہا تھا۔مقامی ڈیزاسٹر ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ وسطی بیکول کے علاقے میں 5 افراد کی موت ہوئی جن میں 3 افراد ڈوب گئے تھے ۔