منیلا: فلپائنی حکام نے کویت کو نئی گھریلو ملازمائیں فراہم کرنے پر پابندی لگادی۔ فلپائنی حکام کا کہنا ہے کہ جب تک کویتی حکام ملازماؤں کے تحفظ کے حوالیسے ضروری ضمانتیں نہیں دیں گے تب تک پابندی برقرار رہے گی۔ میڈیا کے مطابق سمندر پارملازمت کرنے والے شہریوں کے امورکی وزیرسوزان اوپل نے کہا ہے کہ فلپائن کے جو شہری بیرون ملک ملازمت کے آرزو مند ہیں وہ کویت کے سوا کسی اور ملک جانے کا پروگرام بنائیں۔ ہانگ کانگ زیادہ بہتراورمتبادل ثابت ہوگا۔ یہ فلپائن سے قریب بھی ہے۔ خاتون وزیرکا کہنا ہے کہ کویتی عہدیداروں کے ساتھ دوطرفہ مذاکرات جلد ہوں گے۔ انہیں یقین ہے کہ کویت میں فلپائنی کارکنان کے تحفظ کے حوالے سے تبدیلیاں ہوں گی۔ فلپائنی حکومت نے گزشتہ ماہ فلپائنی ملازمہ کے گھناؤنے قتل کے بعد کویت میں روزگار ایجنسیوں کی ملازمین کے حوالے سے درخواستیں معطل کردی تھیں۔ فلپائنی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ کویتی روزگار ایجنسیوں کے حوالے سے جو فیصلہ کیا گیا ہے فلپائنی ملازمین کے تحفظ سے متعلق نئے قواعد و ضوابط کے اجرا تک پابندی برقرار رہے گی۔
