فوج ، دہشت گر دوں کا صفایا کرے گی : نریندر مودی

,

   

ملک کے نوجوان اپنی زندگیوں کو حب الوطنی سے سرشار کریں ، سکیورٹی فور سیس کو وزیر اعظم کا خراج
نئی دہلی ۔ /24 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ فوج اب دہشت گردوں اور ان کو پناہ دینے والوں کا صفایا کرکے ہی دم لے گی ۔ پلوامہ حملہ کے باعث فوج نے کمر کس لی ہے ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ سی آر پی ایف کے 40 جوانوں کی شہادت رائیگاں نہیں جائے گی ۔ اس شہادت سے ہر ہندوستانی کے اندر حب الوطنی کا جذبہ پیدا ہوگا ۔ ہم کو اس جذبہ کے ذریعہ دہشت گردی کی ہر جڑکو اکھاڑ پھینکنا ہوگا ۔ اپنے 53 ویں اور آخری من کی بات میں وزیراعظم مودی نے عوام سے کہا کہ وہ دہشت گر د کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے ایک دوسرے سے متحد ہوجائیں ۔ اس ملک کو دہشت گر دی کا سامنا ہے ۔ عوام الناس اپنی ذات پات ، فرقہ واریت ، علاقہ واریت اور دیگر اختلافات کی رکاوٹوں کو فراموش کرکے اس دہشت گردی کے خلاف اپنے قدموں کو مضبوط بنائیں ۔ جیش محمد کے دہشت گردوں کی ہلاکت کا بظاہر حوالہ دیتے ہوئے جن کے بارے میں فوج کا کہنا ہے کہ یہ دہشت گرد پلوامہ حملہ کے اصل سازشی ذہن تھے انہیں انکاؤنٹر میں ماردیا گیا ہے ۔ مودی نے کہا کہ پلوامہ حملہ کے 100 گھنٹوں کے اندر ہی ہماری فوج نے دہشت گر دوں کا خاتمہ کردیا ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کی نوجوان نسل سے اپیل کی ہے کہ وہ پلوامہ دہشت گردانہ حملہ میں فوجی جوانوں کی شہادت سے ملک کے شہریوں میں پیداہونے والے جذبے اور جذبات کو جاننے ، سمجھنے اور زندگی میں اتارنے کی کوشش کریں۔ پلوامہ کے دہشت گردانہ حملے میں بہادر جوانوں کی شہادت کے بعد ملک بھر میں لوگوں کے دلوں میں صدمہ اور غم و غصہ ہے ۔ انہوں نے کہا‘‘بہادر فوجیوں کی شہادت کے بعد، ان کے اہل خانہ کی جو متاثر کن باتیں سامنے آئی ہیں اس نے پورے ملک کے حوصلے کو اور مضبوط کیا ہے ۔

بہار کے بھاگلپور کے شہید رتن ٹھاکر کے والد رام نرنجن جی نے ، دکھ کی اس گھڑی میں بھی جس جذبہ اور حوصلہ کا ثبوت دیا ہے ، وہ ہم سب کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ’’۔انہوں نے جھارکھنڈ کے وجئے سورین کی شہادت اور ان کے معصوم بیٹے کے جذبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا‘‘جب ترنگے میں لپیٹ کر شہید وجئے سورین کی لاش جھارکھنڈ کے گملا پہنچی تو معصوم بیٹے نے یہی کہا کہ میں بھی فوج میں جاؤں گا ۔اس معصوم کا جذبہ آج ہندوستان کے بچے -بچے کے احساس کا اظہار ہے ۔ ایسے ہی جذبات ہمارے بہادر شہیدوں کے گھر گھر میں دیکھنے کو مل رہی ہیں’’۔انہوں نے کہا‘‘ہمارا ایک بھی بہادر شہید اس میں مستثنیٰ نہیں ہے ، ان کا خاندان الگ نہیں ہے ، خواہ وہ دیوریا کے شہید وجئے موریہ خاندان ہو، کانگڑا کے شہید تلک راج کے والدین ہوں یا پھر کوٹہ کے شہید ہیمراج کا چھ سال کا بیٹا ہو -شہیدوں کے ہر خاندان کی کہانی، تحریک اور عزم سے بھری ہوئی ہے ’’۔وزیر اعظم نے حب الوطنی اور قربانی کے جذبہ کو جاننے کے لئے تاریخ کے پرانے واقعات کی طرف جانے کے بجائے شہید خاندانوں کے جذبے کو جاننے اور سمجھنے کی نوجوان نسل سے اپیل کی۔انہوں نے کہا‘‘حب الوطنی کیا ہوتی ہے ، قربانی اورتپسیا کیا ہوتی ہے – اس کے لئے ہمیں تاریخ کے پرانے واقعات کی طرف جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی’’۔انہوں نے اس پروگرام کے ذریعے پلوامہ حملے کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کی۔