فون ٹیاپنگ اسکام، بی آر ایس سربراہ کے سی آر کو ایس آئی ٹی کی نوٹس

   

کسی موزوں مقام کی آج نشاندہی کی خواہش، سابق چیف منسٹر کو نوٹس سے سیاسی ماحول گرم

حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں فون ٹیاپنگ اسکیم کی جانچ نے آج اُس وقت نیا موڑ اختیار کرلیا جب خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے بی آر ایس سربراہ اور سابق چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل 30 جنوری سہ پہر 3 بجے تحقیقات کے لئے دستیاب رہنے کی خواہش کی۔ اسسٹنٹ کمشنر پولیس جوبلی ہلز پی وینکٹ گیری نے سی آر پی سی کی دفعہ 160 کے تحت سابق چیف منسٹر کو نوٹس جاری کی۔ نوٹس کی خاص بات یہ رہی کہ تحقیقاتی ٹیم نے سابق چیف منسٹر کی ضعیف العمری کا لحاظ کرتے ہوئے طلب کرنے کے بجائے حیدرآباد میں اُن کی پسند کے کسی موزوں مقام کا تعین کرنے کی خواہش کی۔ جوبلی ہلز میں واقع نندی نگر قیامگاہ پر ایس آئی ٹی کے عہدیداروں نے نوٹس حوالہ کی۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کے دوران اِس بات کا انکشاف ہوا کہ آپ فون ٹیاپنگ معاملہ کے حقائق اور وجوہات سے واقف ہیں لہذا مزید تحقیقات کے لئے آپ سے پوچھ تاچھ ضروری ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر آپ چاہیں تو رضاکارانہ طور پر جوبلی ہلز پولیس اسٹیشن حاضر ہوسکتے ہیں یا پھر آپ حیدرآباد کے حدود میں کسی موزوں مقام کی نشاندہی کریں جہاں تحقیقاتی عہدیدار پہونچ کر پوچھ تاچھ کریں گے۔ تحقیقات کے لئے مقررہ وقت سے قبل اِس بارے میں اطلاع دینے کی خواہش کی گئی۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے دوسری خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی تشکیل کے بعد سے فون ٹیاپنگ معاملہ کی جانچ میں شدت پیدا ہوئی ہے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ اور سابق وزیر ہریش راؤ کو گزشتہ ہفتے تحقیقات کے لئے طلب کیا گیا تھا۔ اِن دونوں سے تقریباً 7 گھنٹوں تک پوچھ تاچھ کی گئی۔ بعد میں سابق رکن راجیہ سبھا اور بی آر ایس کے جنرل سکریٹری سنتوش کمار کو طلب کرتے ہوئے تقریباً 8 گھنٹے تک سوالات کئے گئے۔ سنتوش کمار کا شمار کے سی آر کے بااعتماد رفقاء میں ہوتا ہے۔ بی آر ایس سربراہ کو نوٹس کی اجرائی نے تلنگانہ کی سیاست میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ 65 سال سے زائد عمر کے باعث کے سی آر کو پولیس اسٹیشن پر حاضر ہونے کی ضرورت نہیں ہے لہذا اُن سے کسی موزوں مقام کی نشاندہی کی خواہش کی گئی۔ اِسی دوران نوٹس کی وصولی کے بعد سابق چیف منسٹر نے اپنے قریبی رفقاء سے مشاورت کی ہے۔ کے سی آر نے تحقیقات کے سلسلہ میں مقام کی تاحال نشاندہی نہیں کی کیوں کہ وہ گجویل کے فارم ہاؤز میں مقیم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر کے سی آر تحقیقات کا سامنا کرنے کے لئے مزید وقت طلب کرسکتے ہیں۔ نوٹس کے جواب میں ایس آئی ٹی کو آئندہ کسی تاریخ پر تحقیقات کا سامنا کرنے کی اطلاع دی جائے گی۔1

ایراویلی فارم ہاؤز میں پوچھ تاچھ کرنے کی خواہش : کے سی آر
حیدرآباد : /29 جنوری (سیاست نیوز) ٹی آر ایس سربراہ کے سی آر نے خصوصی تحقیقاتی ٹیم سے خواہش کی ہے کہ وہ فون ٹیاپنگ معاملہ میں ان سے ایراویلی میں واقع فارم ہاؤز میں ہی پوچھ تاچھ کریں ۔ کے سی آر نے ایس آئی ٹی کی نوٹس کا جواب دیتے ہوئے واضح کیا کہ وہ جمعہ کو تحقیقات کیلئے حاضر نہیں ہوسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی کے ادخال کا جمعہ آخری دن ہے ۔ لہذا وہ تحقیقات کیلئے حاضر ہونے سے قاصر ہیں ۔ آئندہ کسی بھی نوٹس کو ایراولی روانہ کرنے کی خواہش کی ۔ 1