فون ٹیاپنگ کیس کے ملزم پربھاکر راؤ ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع

   

حیدرآباد 23 مارچ (سیاست نیوز) فون ٹیاپنگ معاملہ میں انٹرپول کی جانب سے ریڈ کارنر نوٹس کی اجرائی کے بعد اسٹیٹ انٹلی جنس بیورو کے سابق سربراہ ٹی پربھاکر راؤ نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے تلنگانہ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ پربھاکر راؤ فون ٹیاپنگ معاملہ میں اہم ملزم ہیں اور وہ مقدمہ درج کئے جانے کے بعد سے امریکہ میں مقیم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ امریکہ میں کینسر کے مرض کا علاج کرارہے ہیں۔ پربھاکر نے اپنی درخواست میں دعویٰ کیاکہ فون ٹیاپنگ معاملہ سے اُن کا کوئی تعلق نہیں ہے اور وہ ملک سے فرار نہیں ہوئے بلکہ علاج کے لئے امریکہ میں مقیم ہیں۔ پربھاکر راؤ نے اپنی درخواست میں بتایا کہ مقدمہ میں اُن کے خلاف کوئی راست ثبوت پیش نہیں کیا گیا۔ ریاست میں اقتدار کی تبدیلی کے نتیجہ میں میرے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پربھاکر راؤ کے مطابق اُن کے فرزند نے تحقیقاتی ایجنسی کو تمام تفصیلات پیش کی ہیں جس میں امریکہ کا اڈریس بھی شامل ہے۔ اُنھوں نے بعض سابق پولیس عہدیداروں کی جانب سے اُن کے خلاف عائد کردہ مقدمات کی تردید کی۔ توقع ہے کہ پیر کو ہائیکورٹ میں پربھاکر راؤ کی درخواست کی سماعت ہوگی۔ 1