فوڈ سیفٹی آفیسر امتحانات کے انعقاد کیلئے انتظامات مکمل

   


کریم نگر ضلع میں 7 امتحانی مراکز کا قیام، 7 نومبر کو امتحان

کریم نگر۔4 نومبر(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جاریہ ماہ 7 تاریخ کو تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ منعقد کئے جانے والے فوڈ سیفٹی آفیسر کے امتحان کے انتظامات کی تکمیل کی ضلع ایڈیشنل کلکٹر جی وی شیام پرساد لال کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں ایڈیشنل کلکٹر جی وی۔ شیام پرساد لال نے فوڈ سیفٹی آفیسر امتحان کے انعقاد کیلئے انتظامات پر رابطہ افسران اور معاون رابطہ افسران کے ہمراہ اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے 7 تاریخ کو منعقد کئے جانے والے فوڈ سیفٹی امتحان کے لیے ضلع میں جملہ 7 امتحانی مراکز واگیشوری، ویویکانند، سری چیتنیا اور جیوتیشمتی انجینئرنگ کالجوں میں قائم کئے گئے ہیں۔ جاریہ ماہ کی 7 تاریخ کو صبح 10:00 بجے سے 12:30 بجے تک اور دوپہر 02:30 سے 05:00 بجے تک اس امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ چونکہ امتحان کمپیوٹر کی بنیاد پر منعقد کیا جارہاہے ، تاہم محکمہ بجلی کے افسران صبح 6:00 بجے سے شام 06:30 بجے تک بغیر کسی تعطل کے بجلی کی سربراہی کی جائے ، علاوہ ازیں صبح 8 بجے سے رات 09:15 تک انٹرنیٹ فریکوئنسی میں اضافہ کی ہدایت دی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ امتحانی مراکز کے لیے گزیٹیڈ اور نان گزیٹیڈ عہدیداروں کے ذریعے رابطہ اور معاون رابطہ افسران کی تعیناتی کی گئی ہے۔ عہدیداران فرض شناسی کے ساتھ خدمات انجام دیں اور مراکز کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں۔ امتحانات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے امتحانی مراکز پر دفعہ 144 لا اینڈ آرڈر نافذ کیا جائے، ضرورت کے مطابق اضافی آر ٹی سی بسوں کی دستیابی کے انتظام کئے جائیں۔ امتحانی مراکز میں بیت الخلاء اور پینے کے پانی کی سہولیات کی موجودگی کے انتظامات کئے جائیں۔ اس اجلاس میں کالجوں کے سپرنٹنڈنٹ، آر ٹی سی، محکمہ بجلی کے عہدیداروں ، نائب تحصیلداروں ، محکمہ پولیس کے عہدیداروں و دیگرنے شرکت کی۔