فٹبال ورلڈکپ کا قطر میں رنگا رنگ تقریب سے آغاز

,

   

افتتاحی مقابلہ میں ایکواڈور نے میزبان قطر کو2-0سے ہرایا

دوحہ :قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے آغاز ہوگیا ہے۔قطرکے شہر الخور کے البیت اسٹیڈیم میں فیفا ورلڈکپ 2022 کی افتتاحی تقریب ہوئی۔افتتاحی تقریب میں عربی ثقافت کے رنگ پیش کیے گئے ۔افتتاحی تقریب میں معروف بالی وڈ اداکار مورگن فری مین نے امید، اتحاد کا پیغام دیا۔ورلڈ کپ میں شریک ٹیموں کے جھنڈوں کے ساتھ بھی فنکاروں نے پرفارم کیا۔جنوبی کوریا کے مشہور زمانہ میوزک بینڈ، بی ٹی ایس کے سنگر جونگ کوک نے قطر کے معروف فنکار فہد الخوبیسی کے ہمراہ ورلڈ کپ کے آفیشل گانے ڈریمرز پر پیش کیا۔ تقریب میں رقص اور موسیقی کا بھی اہتمام کیا گیا، اسٹیڈیم میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔فرانس کے1998 ورلڈکپ ونر ٹیم کیرکن مارسے ڈیسیلے نے فیفا ٹرافی کی رونمائی کی۔قطرکے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے ورلڈکپ کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فٹبال ورلڈکپ ایونٹ نے آج تمام قوموں اور عقیدوں کو ایک جگہ جمع کر دیا، قطر اور عرب دنیا کی طرف سے ورلڈکپ 2022 میں سب کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، یو اے ای کے نائب صدر اور دبئی کے امیر شیخ محمدبن راشد المکتوم اور مصری صدر عبد الفتاح السیسی سمیت دیگر عالمی رہنما بھی تقریب میں شریک ہوئے۔امیر قطر کے خطاب کے بعد آتش بازی کا بھی مظاہر ہ کیا گیا اور مختصر مگر پروقار تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ آج افتتاحی میچ میزبان قطر اور ایکواڈور کے درمیان کھیلا گیا جس میںایکواڈور نے میزبان قطر کو 2-0سے شکست دے دی ۔

فیفا ورلڈکپ : اسرائیل سے قطرکیلئے راست پروازوں کا آغاز
دوحہ : فٹبال ورلڈکپ کے لیے اسرائیل سے قطر کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز ہوگیا ہے۔ میڈیاکے مطابق تل ابیب سے پہلی براہ راست پرواز دوحہ میں لینڈ کرگئی۔ اسرائیل اور قطر معاہدے کے تحت فلسطینی شہری بھی تل ابیب سے دوحہ سفر کرسکتے ہیں۔خیال رہیکہ قطر اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات نہیں ہیں، سیاسی طور پر ایران کے قریب سمجھا جانے والا قطر فلسطینی تنظیم حماس کی قیادت کا بھی میزبان ہے، فٹبال ورلڈکپ کے لیے دونوں ممالک نے خصوصی معاہدہ کیا ہے جس کا اعلان گذشتہ ہفتے فیفا نے کیا تھا۔اسرائیلی حکومت کی جانب سے اسرائیلی قونصلر وفد بھی بھیجا گیا ہے اور شہریوں کو ہنگامی صورتحال میں مدد کے لیے رابطہ کارڈ بھی جاری کیے گئے ہیں۔ میڈیاکا کہنا ہے کہ فیفا ورلڈکپ کے دوران تقریباً 10 ہزار اسرائیلی شہریوں کی قطر آمد متوقع ہے، جن میں سے زیادہ تر شائقین کسی تیسرے ملک سے ہوتے ہوئے قطر آئیں گے۔قطری حکومت نے واضح کیا ہیکہ فلسطین کے حوالے سے اس کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔