فٹ پاتھس پر قبضوں کی برخواستگی کا سلسلہ جاری

   

جی ایچ ایم سی کی جانب سے بیگم پیٹ میں انہدامی کارروائی
حیدرآباد۔9۔اپریل (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں فٹ پاتھ پر قبضہ جات اور تعمیرات کو برخواست کرنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ کہا جا رہا ہے کہ جی ایچ ایم سی کمشنر مسٹر آر وی کرنن کی نگرانی میں اس مہم کے دوران فٹ پاتھ پر یا سرکاری سڑکوں پر تعمیرات کو مکمل منہدم کرکے سرکاری اثاثہ جات کو حاصل کرنے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کی نگرانی میں آج بیگم پیٹ کے علاوہ دیگر علاقوں میں کاروائی کے دوران فٹ پاتھ پر موجود چھوٹے تاجرین کے کاروبار کو برخواست کردیا گیا ۔تلنگانہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے بعد شروع کی گئی مہم پر جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے بتایا کہ اعلیٰ عہدیداروں کو روزانہ کے اساس پر کاروائیوں کی رپورٹ پیش کرنی ہے اسی لئے شہر کے تمام زونس میں فٹ پاتھس پر قبضہ جات کی نشاندہی کرکے انہیں برخواست کرنے کارروائی کی جا رہی ہے۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے بتایا کہ کمشنر جی ایچ ایم سی نے تمام 6 زونس کے اڈیشنل کمشنراں کو تاکید کی کہ جن علاقوں میں فٹ پاتھ پر مستقل تعمیرات کی گئی ہیں یا عارضی تعمیرات کے ذریعہ کئے گئے قبضہ کو فوری برخواست کرنے اقدامات کریں تاکہ شہر کی سڑکوں کی حقیقی حالت کو بحال کیا جاسکے۔بتایا جاتاہے کہ جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے کمشنر جی ایچ ایم سی کو انہیں فٹ پاتھ پر موجود قبضہ جات کو برخواست کرنے میں دشواریوں سے واقف کروایا اور کہا کہ بعض مقامات پر انہیں نظم و ضبط کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جس پر کمشنر جی ایچ ایم سی مسٹر کرنن نے متعلقہ پولیس سے مدد حاصل کرکے تحفظ میں کاروائیاں انجام دینے کی تاکید کی اور پولیس کے عہدیداروں سے رابطہ کرکے ان کاروائیوں میں عہدیداروں اور عملہ کو تحفظ فراہم کرنے کی خواہش کی ۔گذشتہ 5یوم سے دونوں شہروں میں قبضہ جات کو برخواست کرکے زائد از 1200 قبضہ جات کو ختم کیا گیا ہے ۔3/k