فیسٹیول اسپیشل ٹرینس کی آمد و رفت کی ریلوے عہدیداروں کی نگرانی

   

حیدرآباد ۔ 16 ۔ جنوری : ( این ایس ایس ) : ساوتھ سنٹرل ریلوے کے عہدیداروں نے سنکرانتی اسپیشل ٹرینس کی آمد و رفت کی نگرانی کی ۔ گذشتہ دو دن میں اس فیسٹیول سے قبل مسافرین کا کافی ہجوم دیکھا گیا ۔ ریلوے کے عہدیداروں نے بڑے ریلوے اسٹیشنس پر ٹرینس کی آمد و رفت کی شخصی طور پر نگرانی کی تاکہ ریل مسافرین کے لیے محفوظ سفر کو یقینی بنایا جائے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے سنکرانتی فیسٹیول کے لیے 203 اسپیشل ٹرینس کا انتظام کیا تھا ۔ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر ریلوے عہدیداروں اور کمرشیل ڈپارٹمنٹ کے سپروائزرس نے پلیٹ فارم پر آکر مسافرین کی سہولتوں کی جانچ کی ۔ اس کے علاوہ بکنگ کاونٹرس پر ہجوم سے نمٹنے کے لیے اقدامات کئے اور ریل یوزرس کے لیے کوئی دشواری ، مشکلات پیش نہیں آئیں ۔ حیدرآباد اور کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشنس پر بھی اس طرح کی سہولتوں کا انتظام کیا گیا تھا ۔ ریلولے عہدیداروں نے زائد ہجوم کے پیش نظر اضافی بکنگ کاونٹرس قائم کرتے ہوئے مسافرین کے لیے سہولت فراہم کی ۔ مسافرین کی سیکوریٹی کے لیے زائد ریلوے پروٹیکشن فورس کو تعینات کیا گیا ۔ اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ مسلسل نگرانی رکھی گئی ۔ آر پی ایف پرسنل نے کوچس میں سوار ہونے میں مسافرین کی مدد کی ۔ اسی طرح کیٹرنگ سہولتیں بھی فراہم کی گئیں ۔ ٹکٹ چیکنگ اسٹاف کو بڑی تعداد میں متعین کیا گیا تھا تاکہ بغیر ٹکٹ سفر کو روکا جائے ۔ ٹرینس کی آمد و رفت سے متعلق معلومات فراہم کرنے اور اس کا اعلان کرنے کے لیے بھی اسٹاف کو مامور کیا گیا تھا ۔ اسپیشل اور ریگولر ٹرینس سے متعلق تفصیلات مسافرین کو پاسنجر ایڈریس سسٹم کے ذریعہ بار بار اعلانات کرتے ہوئے ریلے کی جارہی ہے ۔۔