فیس بازادائیگی مسئلہ، 30 اکتوبر کوتعلیمی ادارے بند، اسٹوڈنٹس فیڈریشن کا اعلان

   

حیدرآباد۔22۔اکٹوبر(سیاست نیوز) طلبہ کی فیس بازادائیگی مسئلہ پر اسٹوڈنٹس فیڈریشن نے 30 اکٹوبر کو ریاست میں تعلیمی اداروں کے بند کا اعلان کیا ہے۔ فیس بازادائیگی اور اسکالرشپس کی فوری اجرائی کا حکومت سے مطالبہ کیا گیا۔ حکومت کی جانب سے اجرائی میں تاخیر کے نتیجہ میں طلبہ اور کالج انتظامیہ دونوں کوہی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ایس ایف آئی جو کہ ریاستی جامعات کے علاوہ ملک بھر میں طلبہ میں کافی اثررکھتی ہے نے تلنگانہ میں خانگی پروفیشنل کالجس ‘ ڈگری کالجس کی تنظیم کی جانب سے 3 نومبر سے غیر معینہ بند کے اعلان کے ساتھ اب ایس ایف آئی نے طلبہ کی جانب سے ہونے والے مسائل پر بند کا اعلان کیا ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے خانگی کالجس کی فیڈریشن کے ذمہ داروں سے کئے گئے وعدہ کے مطابق بقایا جات کی ادائیگی نہ کرتے ہوئے یہ تیقن دیا تھا کہ دیوالی سے قبل 600 کروڑ تک کے بقایا جات جاری کردیئے جائیں گے لیکن ان کی عدم اجرائی کے بعد فیڈریشن نے 3نومبر سے غیر معینہ مدت کے بند کا بھی اعلان کیا ہے ۔ اسٹوڈنٹس فیڈریشن آف انڈیا نے 30 اکٹوبر کو ریاست کی تمام جامعات اور ملحقہ کالجس میں بندمنانے کا اعلان کرتے ہوئے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس بند میں حصہ لیتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں تاکہ ریاستی حکومت پر دباؤ ڈالا جاسکے کیونکہ کالج انتظامیہ اس وجہ سے طلبہ کے اسنادات حوالہ نہیں کررہے ہیں۔ 3
کالج انتظامیہ کی جانب سے اسنادات کی عدم اجرائی کے نتیجہ میں طلبہ تعلیم حاصل کرنے کے باوجود کسی بھی ملازمت کے لئے انٹرویو میں شرکت کے اہل نہیں ہیں اسی طرح جو طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے متمنی ہیں ان کو بھی سرٹیفیکیٹ نہ ہونے کے سبب داخلہ حاصل ہونا دشوار ہوتا جا رہاہے جس کے نتیجہ میں ریاست کی شرح تعلیم میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کا خدشہ ہے۔ایس ایف آئی کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاست میں کالج انتظامیہ کے ذمہ داروں کے ہمراہ بھی طلبہ تنظیموں کے قائدین ملاقات کرتے ہوئے طلبہ کے مسائل سے واقف کرواتے ہوئے انہیں طلبہ کے ساتھ نرم رویہ اختیار کرنے اور حکومت سے بازادائیگی کی رقومات وصول کرنے کیلئے طلبہ تنظیموں سے تعاون کی پیشکش کریں گے ۔3