فیس وصولی روکنے حکومت سے اسکول انتظامیہ کو کوئی ہدایت نہیں

   

ملک کی کئی ریاستوں میں تین ماہ کی فیس وصولی کیلئے اصرار نہ کرنے حکومتوں کی ہدایات
حیدرآباد۔6اپریل (سیاست نیوز) ملک کی کئی ریاستوں میں حکومتوں کی جانب سے اسکول انتظامیہ کو ہدایات جاری کرنی شروع کردی گئی ہیں کہ وہ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں پر فیس کیلئے دباؤ نہ ڈالیں کیونکہ کورونا وائرس کے سبب ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کے سبب پورا ملک اور تمام شہری ایک ہی کشتی کے سوار ہیںلیکن تلنگانہ میں حکومت نے تاحال خانگی اسکول انتظامیہ کو کوئی ہدایات جاری نہیں کی ہیں بلکہ تعلیمی شعبہ کے سلسلہ میں حکومت کی حکمت عملی کا کوئی فیصلہ اب تک منظر عام پر نہیں آیا ہے۔ نوئیڈا میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے خانگی اسکولوں کو ہدایات دی جا چکی ہیں کہ وہ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کو فیس کیلئے ہراساں نہ کریں اور مشکل وقت میں تعاون کریں۔ چھتیس گڑھ میں بھی حکومت سے ریاست کے تمام خانگی اسکولوں کو احکام جاری کئے جا چکے ہیںکہ وہ لاک ڈاؤن کی مدت کی فیس وصول نہ کریں علاوہ ازیں مزید دو ماہ کی فیس کی وصولی پر روک لگانے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ کیرالا میں بھی حکومت سے خانگی اسکولوں کو پابند بنایا گیا کہ وہ تین ماہ کی فیس کیلئے اولیائے طلباء و سرپرستوں سے اصرار نہ کریں کیونکہ ملک میں حالات انتہائی نا گفتہ بہ ہیں اور ان حالات میں فیس کی ادائیگی ممکن نہیں ۔ تلنگانہ میں حکومت سے خانگی اسکولوں کو تاحال کوئی احکامات جاری نہیں کئے گئے بلکہ حکومت سے اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں لیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ محکمہ تعلیم کے عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خانگی اسکولوں کی فیس کے معاملہ میں اولیائے طلباء اور سرپرستوں کے مطالبات کا جائزہ لیں اور ان امور کی یکسوئی کریں لیکن ذرائع کے مطابق حکومت کو تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور تاحال فیصلہ کا مجاز کسی کو قرار نہیں دیا گیا اسی لئے محکمہ تعلیم سے اس سلسلہ میں فیصلہ نہیں کیا جا رہاہے اور کہا جا رہاہے کہ حکومت کی جانب سے یا چیف منسٹر کی جانب سے جو احکام وصول ہوں گے ان کے مطابق ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی اور تمام خانگی اسکولوں کو ان احکامات پر عمل آوری کیلئے پابند بنانے کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ ن احکامات کی کسی بھی ادارہ کی جانب سے خلاف ورزی نہ کی جائے۔