فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے گوپن پلی میں بلانکٹس ، راشن کٹس کی تقسیم

   

جناب افتخار حسین کی قیادت میں فلاحی اقدامات ، بچوں کو اسٹیشنری ایٹمس کی فراہمی
حیدرآباد ۔ 3 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ہماری ریاست تلنگانہ بالخصوص شہر حیدرآباد اور مضافاتی علاقوں میں سردی شدت اختیار کر گئی ۔ دوسری طرف جھونپڑ پٹیوں اور گندہ بستیوں میں رہنے والے کافی پریشان ہیں ۔ ایک طرح سے ان کے پاس روٹی کپڑا اور مکان جیسی سہولتیں نہیں ہیں ۔ ایسے میں ہمارے شہر ایسی انسانیت نواز شخصیتیں اور ادارے ہیں جو غریبوں ضرورت مندوں میں نہ صرف روٹی ، کپڑا تقسیم کررہے ہیں بلکہ ان کی جھونپڑیوں کو اس قابل بنانے کی کوشش بھی کررہے ہیں کہ ان جھونپڑیوں کے مکین سردی کے ساتھ ساتھ بھوک و افلاس سے بھی محفوظ رہیں ۔ ایسی ہی ایک شہرہ آفاق تنظیم فیض عام ٹرسٹ ہے جو اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین کی قیادت میں مختلف مقامات پر ضرورت مندوں میں اعلیٰ کوالیٹی کے بلانکٹس ، گرم کپڑے اور راشن تقسیم کررہا ہے ۔ فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین نے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں اور سیاست ملت فنڈ کے اشتراک و تعاون سے ملک بھر میں آفات سماوی اور فرقہ وارانہ فسادات کے متاثرین کی بھر پور مدد کی ۔ یتیم و یسیروں کی مدد میں کوئی کسر باقی نہیں رکھی ۔ ہزاروں کی تعداد میں ملت کے ہونہار طلبہ وطالبات کی مدد بھی ان دنوں شخصیتوں اور اداروں کی پہچان بن گئے ہیں ۔ حال ہی میں فیض عام ٹرسٹ کی جانب سے گوپن پلی میں 250 افراد میں راشن کٹس تقیسم کی گئیں ۔ 2,25,000 روپئے مالیتی ان کٹس کو پاکر وہاں کے غریب خاندان کافی خوش ہوئے ۔ دوسری جانب 300 مرد و خواتین میں کپڑا بینک کی جانب سے گرم ملبوسات کی تقسیم بھی عمل میں آئی ۔ بچوں میں اسٹیشنری تقسیم کی گئی ۔ اس موقع پر جناب افتخار حسین سکریٹری فیض عام ٹرسٹ ، جناب سید حیدر علی رکن مجلس عاملہ ، منیجر فیض عام ٹرسٹ سید عبدالستار ، کپڑا بینک کے منیجر شیخ اکرم ، فیلڈ آفیسر محمد اعظم فیض عام ٹرسٹ کی ٹیم کے دیگر ارکان بشمول عرشیہ النساء ، سمیہ سلطانہ ، عشرت سلطانہ ، توحید بیگم ، اسما فاطمہ و دیگر موجود تھے ۔ اس سے قبل بھی گوپن پلی میں فیض عام ٹرسٹ نے روٹری کلب کے ساتھ مل کر 40 جھونپڑیوں پر تار پولین بچھائی تھی اور انسانی بنیادوں پر وہاں کے مکینوں کی بھر پور مدد کی تھی ۔ واضح رہے کہ فیض عام ٹرسٹ اور اس کے سکریٹری جناب افتخار حسین بلالحاظ مذہب و ملت رنگ و نسل ضرورت مندوں کی مسلسل مدد میں مصروف ہیں اور اس میں فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان کا اہم کردار ہے ۔ مصیبت زدہ عوام ہمیشہ فیض عام ٹرسٹ کے عطیہ دہندگان کے حق میں دعا کرتے ہیں ۔۔