لندن۔ 7جولائی (سیاست ڈاٹ کام) 20گرانڈ سلام خطابات کے بادشاہ سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر اور ان کے روایتی حریف فرانسیسی اوپن چمپئن اسپین کے رافیل نڈال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہفتہ کو ومبلڈن ٹینس چمپئن شپ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔دوسری سیڈ فیڈرر نے 27 ویں سیڈ فرانس کے لوکاس پولی کو دو گھنٹے چھ منٹ میں میں 7-5، 6-2، 7-6 سے شکست دی۔ فیڈرر کی یہ 350 ویں گرانڈ سلام جیت ہے اور وہ 17 ویں بار ومبلڈن کے دوسرے ہفتے میں داخل ہو گئے ہیں۔ فیڈرر کا آخری 16 میں اٹلی کے ماتیو بیریٹني سے مقابلہ ہوگا۔ فیڈرر پہلی بار بیریٹني کے خلاف کھیلیں گے جو اس وقت عالمی درجہ بندی میں 20 ویں نمبر پہنچ چکے ہیں۔آٹھ بار کے ومبلڈن چمپئن 65 ویں بار گرانڈ سلام کے راؤنڈ 16 میں پہنچے ہیں اور اوپن دور میں انہوں نے اپنے اس ریکارڈ کو کافی آگے پہنچا دیا ہے ۔گراس کورٹ کے بے تاج بادشاہ فیڈرر 17 ویں بار ومبلڈن کے آخری 16 میں پہنچے ہیں اور اوپن دور میں یہ کامیابی حاصل کرنے والے وہ پہلے کھلاڑی بنے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں امریکہ کے جمی کونرس (16 بار) کو پیچھے چھوڑ دیا ہے ۔ فیڈرر نے پولی کے خلاف میچ میں 39ونرس لگائے ۔ اگرچہ پولی نے تیسرے سیٹ میں فیڈرر کو ضرور جدوجہد کرنے پر مجبور کیا لیکن فیڈرر نے تیسرے سیٹ ٹائی بریک 7-4 سے جیت کر میچ نمٹا دیا۔تیسری سیڈ نڈال نے فرانس کے جو ولفریڈ سونگا کو ایک گھنٹے 48 منٹ میں 6-2، 6-3، 6-2 سے شکست دی اور نویں بار ومبلڈن کے دوسرے ہفتے میں پہنچ گئے ۔ نڈال کا آخری 16 میں پرتگال کے جواو سوسا سے مقابلہ ہوگا۔عالمی نمبر ایک کھلاڑی سربیا کے نوواک جوکووچ پہلے ہی آخری -16 میں پہنچ چکے ہیں۔ اس طرح دنیا کے ٹاپ تین مرد کھلاڑیوں نے سال کے تیسرے گرانڈ سلام کے دوسرے ہفتے میں جگہ بنائی ہے ۔ جوکووچ راؤنڈ 16 میں فرانس کے یوگو ھمبرٹ سے کھیلیں گے ۔مردوں میں آٹھویں سیڈ جاپان کے کائی نشیکوری اور امریکہ کے سیم کیوری نے بھی آخری 16 میں جگہ بنا لی ہے ۔ نشیکوری نے امریکہ کے اسٹیو جانسن کو ایک گھنٹے 50 منٹ میں 6-4، 6-3، 6-2 سے شکست دی اور اپنی 400 ویں کیریئر کامیابی حاصل کی۔ کیوری نے آسٹریلیا کے جان ملمین کو ایک گھنٹے 53 منٹ میں 7-6، 7-6، 6-3سے شکست دی۔آخری 16میں پہنچے دوسرے مرد کھلاڑیوں میں 15 ویں سیڈ کینیڈا کے ملوس راونک، 23 ویں سیڈ اسپین رابرٹو بتستا اگت، 21ویں سیڈ بیلجئیم ڈیوڈ گوفن، 26 ویں سیڈ ارجنٹائن کے گاڈیو پیلا اور 28 ویں سیڈ فرانس کے بینوئے پئیرے شامل ہیں۔
خواتین میں 23 بار کی گرانڈ سلام چمپئن اور 11 ویں سیڈ سرینا نے جرمنی کی جولیا جورجس کو ایک گھنٹے 12 منٹ میں 6-3، 6-4 سے شکست دی۔ سرینا کا آخری 16 میں ا سپین کی کارلا سواریز نوارو کے ساتھ مقابلہ ہوگا جنہوں نے امریکہ کی لارین ڈیوس کو ایک گھنٹے 8 منٹ میں 6-3، 6-3 سے شکست دی۔خاتون کلاس کے آخری 16 میں نمبر ایک آسٹریلیا کی ایشلے بارٹی، تیسری سیڈ جمہوریہ چیک کی کیرولینا پلسکووا، چھٹی سیڈ جمہوریہ چیک کی پیٹرا کویتووا، ساتویں سیڈ رومانیہ کی سمونا ہالیپ، آٹھویں سیڈ یوکرائن کی الینا سویتلانا اور 19 ویں سیڈ برطانیہ کی جوھانا کونٹا پہنچ چکی ہیں۔راؤنڈ 16 کے مقابلے پیر سے کھیلے جائیں گے ۔