نئی دہلی 13-فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان اورپاکستان کے درمیان کرکٹ سیریز ہمیشہ بحث میں رہتی ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے سابق آل راؤنڈر یوراج سنگھ اور پاکستان کے سابق کپتان رہے شاہد آفریدی نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سیریز کی وکالت کی تھی۔ یوراج نے کہا تھا کہ اس سے کرکٹ کا بھلا ہوگا لیکن سابق اوپنر چیتن چوہان یوراج کی رائے سے اتفاق نہیں رکھتے۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی چیتن چوہان ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریزکروانے کے حق میں نہیں ہیں۔ اس سابق کرکٹر نے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ حالات میں دو طرفہ سیریز نہیں ہونی چاہئے۔چوہان یوراج سنگھ کے اس تبصرہ کے جواب میں بات کر رہے تھے جس میں سابق آل راؤنڈر نے کہا تھا کہ ناظرین کو دوبارہ میدان پر لانے کے لئے پاک۔ہندوستان میں دو طرفہ سیریز ہونی چاہئے۔چوہان نے کہاکہ فی الحال ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سیریز نہیں ہونی چاہئے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان حالات ٹھیک نہیں ہیں۔پاکستان میں کھیلنا محفوظ نہیں ہے۔ دہشت گردوں کو کرکٹ سے کوئی لینا دینا نہیں۔جب تک پاکستان میں دہشت گردموجود ہیں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کرکٹ میچ نہیں ہو سکتے۔نیوزی لینڈ نے تین ونڈے میچوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم کا صفایاکیا اور چوہان کا خیال ہے کہ اجنکیا رہانے کو ونڈے ٹیم کا حصہ بنانا چاہیے تھا۔ان کا خیال ہے کہ اس سے ٹیم میں تجربہ آتا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان ہونے والے ٹسٹ سیریز میں ہندوستانی ٹیم کو جیت ملے گی۔چوہان نے کہاکہ میں چاہتا تھا کہ جب شکھر دھون اور روہت شرما زخمی تھے تو رہانے کو ونڈے ٹیم کا حصہ بنانا چاہیے تھا۔ایسا کھلاڑی جو ٹیم میں استحکام لے کر آتا۔انہوں نے مزید کہاکہ جسپریت بمراہ تھوڑے تھکے لگ رہے ہیں۔