قاتلانہ حملے کے بعد ٹرمپ پہلی مرتبہ منظر عام پر

   

واشنگٹن: امریکی صدارتی انتخابات میں ریپبلکن امیدوار ڈونالڈ ٹرمپ ہفتے کے روز پنسلوینیا کی انتخابی ریلی میں خود پر قاتلانہ حملے کے بعد پہلی مرتبہ علانیہ طور پر سامنے آئے۔ انہوں نے پیر کو وسکنسن ریاست میں میلوکی میں پارٹی کانفرنس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ٹرمپ کے دائیں کان پر اس جگہ بڑی پٹی لگی ہوئی تھی جس جگہ گولی چْھو کر گزری تھی۔سابق صدر میلوکی میں پارٹی کانفرنس میں پہنچے توحاضرین نے زور دار تالیاں بجا کر گرم جوشی کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ ٹرمپ نے ہوا میں مکا دکھا کر عوام کے جذبات کا جواب دیا۔کانفرنس ہال لوگوں سے بھرا ہوا تھا۔ اس دوران وہاں موجود ٹرمپ کے حامیوں نے یو ایس اے ، یو ایس اے اور فائٹ، فائٹ ، فائٹ کے نعرے لگائے۔ ٹرمپ کانفرنس میں جمعرات کی شام صدارتی انتخابات کیلئے اپنی نامزدگی قبول کرنے کا سرکاری طور پر اعلان کریں گے۔ اس موقع پر ہونے والی تقریب میں سرخ ، سفید اور نیلے رنگ کے ہزاروں غبارے فضا میں چھوڑے جائیں گے۔ہفتے کو انتخابی ریلی میں قاتلانہ حملے کے فوری بعد سیکرٹ سرویس کے ارکان نے ٹرمپ کو گھیرے میں لیکر حفاظتی حصار بنا لیا اور تیزی کے ساتھ انہیں نزدیک موجود گاڑی میں بٹھا دیا تھا۔