مردآباد ( یو پی): کانگریس کے رکن پارلیمنٹ عمران مسعود نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی حکومت وقف بورڈ کو ختم کرتے ہوئے قبرستانوں ، مساجد اور عیدگاہوں کا کنٹرول حاصل کرلینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کانگریس کی دستور بچائو قرارداد کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران نے مرکزی حکومت کے مبینہ منصوبے پر تشویش ظاہر کی۔ رکن راجیہ سبھا نے کہا کہ کانگریس ایسا نہیں ہونے دے گی۔ سہارنپور سے تعلق رکھنے والے ایم پی عمران نے گزشتہ روز یہ دعوی بھی کیا کہ مرکزی حکومت کا وقف بورڈ کو ختم کرنے کا مبینہ اقدام اس کے استعمال کے لیے مختص زمین کو ضبط کر لینے کی براہِ راست کوشش کا حصہ ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کانگریس ان ارادوں کے خلاف سختی سے کھڑی ہوگی۔ بہرائچ میں حالیہ تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے مسعود نے سوال کیا کہ مہاراج گنج واقعہ کے متاثرین کو کب انصاف ملے گا، جہاں مکانات اور دکانیں تباہ ہو گئے اور لوگوں پر حملہ کیا گیا۔