قرآن کریم کو عمدہ پڑھنے کی کوشش ایمانی تقاضہ

   

جمعیۃ القراء کے زیر اہتمام کریم نگر میں جلسہ مظاہرہ قرأت، علماء کا خطاب
کریم نگر ۔ 4 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) قرآن کریم کوخوش الحانی اور درست ادائیگی کے ساتھ پڑھنے کی کوشش ایمانی تقاضہ اوراللہ تعالی سے محبت کی دلیل ہے۔ جمعیۃ القراء تلنگانہ و آندھرا کے زیر اہتمام شالیمار فنکشن پیالیس کریم نگر میں جلسہ مظاہرہ قرأت اور علم تجوید کی اہمیت وضرورت کے عنوان سے ایک کامیاب اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ،جلسہ کی صدارت مولانا قاری سید عبد الباری صدر جمعیۃ القراء تلنگانہ وآندھرا نے کی جب کہ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مولانا قاری محمد ابوبکر استاذ جامعہ اصلاح البنات سملک،مولانا قاری عبدالرحیم ، مولانا قاری سعید احمد اساتذہ جامعہ تعلیم الدین ڈابھیل نے شرکت کی اور اپنے منفرد لہجے اور مسحور کن انداز میں تلاوت کلام پاک کے ذیعہ سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ قراء کرام کی تلاوت کے بعد مفتی محمد غیاث محی الدین جنرل سکریٹری جمعیۃ القراء تلنگانہ وآندھرا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآن وحدیث میں تلاوت کی درستگی کی تاکید ملتی ہے ، قرآن کریم کوخوش الحانی اور درست ادائیگی کے ساتھ پڑھنے کی کوشش ایمانی تقاضہ اوراللہ تعالی سے محبت کی دلیل ہے،ہمارے نبی ؐ نے تو قرآن کو صحیح انداز میں نہ پڑھنے والوں کے سلسلے میں وعید سناتے ہوئے یہ ارشاد فرمایا کہ’’ وہ شخص ہم میں سے نہیں جو قرآن کو خوش آوازی سے نہ پڑھے۔‘‘لہٰذا قرآن عمدہ انداز میں پڑھنے کی فکر ہونی چاہیے۔مفتی محمد غیاث محی الدین جنرل سکریٹری جمعیۃ القراء ،حافظ محمد وسیم الدین معتمد جمعیۃ الحفاظ اور مولانا کاظم الحسنی صدر صفا بیت المال اس اجلاس کے کنوینر تھے۔اس موقع پر عوام وخواص کثیر تعداد میں شریک تھے۔