عیدالاضحی کے موقع پر عیدگاہ میر عالم اور دیگر مقامات پر بڑے اجتماعات، علماء کرام کا خطاب
حیدرآباد۔8۔جون۔(سیاست نیوز) قربانی دراصل احکام الہٰی کے آگے سر تسلیم خم کرتے ہوئے رضائے الہٰی کے حصول اور اپنی سب سے عزیز ترین شئے کو اللہ کے حکم پر قربان کرنے کا نام ہے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام کو بیٹے حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کی محبت پر اپنے محبت کے غلبہ کو آزماتے ہوئے یہ بتایا ہے کہ اہل اسلام کو اللہ کے حکم کو ہر معاملہ میں مقدم رکھنا ہی ایمان ہے۔ عید الاضحی کے موقع پر عامۃ المسلمین نے قربانی دیتے ہوئے سنت ابراہیمی پر عمل کیااور اب مسلمانو ںکو چاہئے کہ وہ اللہ اور اس کے رسولﷺ کے تمام احکامات پر عمل آوری کا عہد کرتے ہوئے زندگی گذاریں۔ امت مسلمہ کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اصول دین اور عبادتوں پر عمل آوری اپنی زندگی کا شیوہ بنالیں تاکہ اللہ کے احکام کے مطابق ان کی زندگی گذرے۔ عیدالاضحی کے موقع پر ریاست کی مختلف عیدگاہوں اور مساجد میں ہونے والی نماز عید کے موقع پر علمائے اکرام و خطباء نے فضائل عید بیان کرتے ہوئے امت مسلمہ کو تلقین کی کہ وہ اللہ کے احکام پر عمل آوری کو اپنی زندگی کا مقصد بناتے ہوئے باطل کا رد کریں ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں نماز عید کے لئے سب سے زیادہ تعداد میں مسلمان عیدگاہ میر عالم میں جمع ہوئے جہاں لاکھوں افراد نے نماز عید اداکی۔ عید گاہ میر عالم میں نماز عید الاضحی ڈاکٹر حافظ محمد رضوان قریشی کی امامت میں ادا کی گئی جبکہ نماز عید سے قبل مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ کے علاوہ شیخ الجامعہ جامعہ نظامیہ ڈاکٹر سیف اللہ نے فضائل عید بیان کئے ۔ مولانا محمد حسام الدین جعفر پاشاہ نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ مسلمانوں کو قربانی کا فلسفہ سمجھنے کی ضرورت ہے کیونکہ قربانی محض جانور کی قربانی نہیں ہے بلکہ فلسفہ قربانی یہ تعلیم دیتا ہے کہ اللہ کے حکم کو تمام چیزوں پر مقدم رکھنا اور اولاد کی ایسی تربیت کرنا چاہئے کہ وہ حکم ربانی کی اتباع میں اپنی جان قربان کرنے کے لئے آمادہ ہوجائے۔ انہو ںنے کہا کہ قربانی کی حقیقی معنی و مفہوم کو سمجھنے کے لئے ضروری ہے کہ اسوۂ ابراہیمی کا مطالعہ کیا جائے ۔ مولانا نے بتایا کہ جس پرآشوب دور سے مسلمان گذررہے ہیں اس کی بنیادی وجہ دین سے دوری اور احکام الہٰی پر عمل آوری میں کوتاہی ہے۔ مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ نے اپنے بیان میں مسلمانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اللہ سے محبت اور نبی اکرم ﷺ کے بتائے ہوئے راستہ پر چلتے ہوئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں تاکہ ظالموں کا مقابلہ کیا جاسکے۔ مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نے فضائل عید بیان کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسمٰعیل علیہ السلام کے واقعہ کا باریکی سے مطالعہ کیا جائے تو یہ بات بھی سامنے آتی ہے کہ جب اللہ کے احکام پر عمل آوری کا معاملہ آتا ہے تو سب سے پہلے شیطان راہ میں رکاوٹ ڈالتے ہوئے بہکانے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے عید قربان کے موقعہ پر شیطان کو شکست دینے اور اس کے بہکاوے میں نہ آنے کا بھی قصد کرنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اپنی زندگیوں کو محاسبہ کرتے ہوئے صراط مستقیم پر چلنے کے لئے خود کو تیار کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ اللہ کے حکم کے مطابق زندگی گذارنا ہی درحقیقت اسلامی زندگی ہے۔ مولانا ڈاکٹر سیف اللہ نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگیوں میں سدھار لانے کے لئے علوم دینیہ کے حصول اور تعلیمات مصطفی ﷺ پر چلنے کو اپنا شعار بنالیں تاکہ ان کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی آسکے۔ علماء اکرام نے اپنے خطابات کے دوران عید الاضحی کے موقع پر غرباء کا خصوصی خیال رکھنے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ عید کے معنی خوشی کے ہیں اور خوشی کے ان لمحات میں ان لوگوں بھی شامل کیاجانا چاہئے جو خوشیوں سے محروم ہیں۔ عید الاضحی کا دوسرا بڑا اجتماع عید گاہ بلالی مانصاحب ٹینک پر دیکھا گیا۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف عیدگاہوں میں انتہائی خشوع و خضوع کے ساتھ نماز عید الاضحی ادا کی گئی ۔ عید گاہ قدیم مادننا پیٹ میں نماز عید کی امامت قاری سید محمود یوسف مدنی نے کی ۔ عیدگاہ عنبر شاہ بابا ؒ عنبرپیٹ میں نماز عید کی امامت مولانا عبدالعلی صدیقی نے کی ۔ ریڈ ہلز پلے گراؤنڈ میں نماز عیدالاضحی کا اہتمام کیاگیا جہاں مولانا عبید الرحمن اطہر ندوی نے نماز عید کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔ عید گاہ صنعت نگر میں مولانا ڈاکٹر سراج الرحمن فاروقی نے نماز عید کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔ شاہی مسجد باغ عامہ میں بھی عید الاضحی کے موقع پر کشیر تعداد میں مصلیان کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے جہاں نماز عیدالاضحی کی امامت مولانا محسن بن عبدالرحمن الحمومی نے نماز عید الاضحی کی امامت کی ۔ تاریخی مکہ مسجد میں بھی عیدالاضحی کی نماز کے لئے وسیع تر انتظامات کئے گئے تھے جہاں مولانا سید عبداللطیف احمد نے نماز عید الاضحی کی امامت کی اور فضائل عید بیان کئے ۔3