حیدرآباد ۔ 7 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : نئے قائم کئے گئے بنڈلہ گوڑہ جاگیر میونسپل کارپوریشن کے تحت گیٹیڈ کمیونٹیز میں شاندار اپارٹمنٹس کے ساتھ ایک اچھا علاقہ ہونے کے باوجود اس علاقہ میں سڑکیں بہت خراب اور خستہ حالت میں ہیں ۔ ان میں ایک قسمت پور سڑک ہے جو پوری طرح دلدل بن گئی ہے ۔ جس کی وجہ اس سڑک سے گذرنے والوں کو کافی مشکل اور دشواری ہورہی ہے ۔ سرسوتی شیشو مندر تا قسمت پور 100 فیٹ کی ایک کلو میٹر طویل سڑک پر کھڈ اور گڑھے ہوگئے ہیں اور یہ سڑک گڑھوں سے بھر گئی ہے جس کی وجہ مقامی لوگوں کو اس سڑک پر گاڑیاں چلانے میں کافی دقت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ کارپوریشن کے دفتر سے صرف چند منٹ کی دوری پر واقع یہ سڑک راجندر نگر جی ایچ ایم سی کی سرحد کو بنڈلہ گوڑہ جاگیر سے ملاتی ہے ۔ اسے بنڈلہ گوڑہ جاگیر اور قسمت پور ولیج کو مربوط کرنے والی اہم سڑک قرار دیا جاتا ہے جہاں سے حمایت ساگر ، ایل وی پرساد آئی انسٹی ٹیوٹ ، حیدرشاہ کوٹ ، سن سٹی ، نارسنگی اور منی کونڈا کو راستہ جاتا ہے ۔ اس کارپوریشن کو پانچ بڑی پنچایتیں بنڈلہ گوڑہ جاگیر ، حیدر شاہ کوٹ ، پیران چیرو ، قسمت پور اور حمایت ساگر کو ضم کرتے ہوئے 2019 میں قائم کیا گیا ۔ اس میں اب 22 وارڈس ہیں ۔ اور 59,088 ووٹرس ہیں ۔ ایک کمیونٹی جہد کار ہریشور ریڈی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’ اس حقیقت کے باوجود کہ قسمت پور کو کارپوریشن میں ضم کیا گیا پھر بھی اس کی خراب حالت میں سدھار نہیں آیا کیوں کہ یہاں سڑکیں اچھی نہیں ہیں اور لوگوں کو اب بھی سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ اس سڑک کا پابندی سے استعمال کرنے والے راجندر نگر کے محمد ظہیر الدین نے کہا کہ قسمت پور کی افسوسناک حالت کی اصل وجہ اس سلسلہ میں صحیح نمائندگی کا نہ ہوناہے ، سڑک کا استعمال کرنے والے بالعموم اور بالخصوص مقامی لوگ اس سے متاثر ہورہے ہیں ۔ یہ کمزور نمائندگی ، قائدین کے تساہل عہدیداروں کی لاپرواہی اور بے اعتنائی کے باعث ہے ۔۔