قصور وار ثابت ہونے پر شائستہ پروین کیخلاف کاروائی:مایاوتی

   

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سپریمو مایاوتی نے پیر کو کہا کہ پریاگ راج میں راجو قتل معاملے کے اہم گواہ امیش پال کے قتل کے معاملے میں ملزم شہ زور لیڈر عتیق احمد کی بیوی شائستہ پروین اگر جانچ میں خاطی پائی جاتی ہیں تو انہیں پارٹی سے نکال دیاجائے گا۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے پیر کو کہا کہ قتل کی واردات معاملے میں جاری جانچ میں اگر شائستہ خاطی ثابت ہوتی ہیں تو انہیں پارٹی سے نکال دیا جائے گا۔ساتھ ہی انہیں سماج وادی پارٹی(ایس پی) پر عتیق احمد کو پناہ دینے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی کسی بھی مذہب یاذات کے مجرم کو بڑھاوا نہیں دیتی ہے ۔ اس لئے اس معاملے میں سیاست بند ہونی چاہئے ۔قابل ذکر ہے کہ عتیق احمد کی بیوی شائستہ پروین نے حال ہی میں بی ایس پی کی رکنیت حاصل کی تھی اور بی ایس پی انہیں پریاگ راج کے میئر کا الیکشن لڑانے کی تیاری کررہی تھی۔ مایاوتی نے پیر کو اپنے کئی ٹوئٹ میں لکھا’ پریاگ راج میں راجوپال کا سالوں پہلے قتل کیا گیا تھا۔ ان کے مقدمے کے اہم گواہ وکیل امیش پال اور ان کے گنر کے قتل کے معاملے میں عتیق احمد کے لڑکے اور ان کی بیوی کے خلاف ایف آئی آر درج کئے جانے کی بھی اطلاع ملی ہے ۔ بی ایس پی نے اس کا سخت نوٹس لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے کہ اس معاملے کی چل رہی جانچ میں ان کے خاطی ثابت ہوتے ہی پھر شائستہ پروین کو پارٹی سے ضرور نکال دیا جائے گا۔