دوحہ ؍ واشنگٹن ۔ 24 نومبر (ایجنسیز) ایسے وقت میں جب واشنگٹن اور تہران کے درمیان باہمی دھمکیاں شدت اختیار کر رہی ہیں، باخبر ذرائع نے واشنگٹن میں ایک قطری وفد کے ساتھ ملاقات کا انکشاف کیا ہے، جس کا مقصد ایرانی فائل پر بات چیت تھا۔منگل کو ایک باخبر ذرائع نے واضح کیا کہ قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی اور قطری ایلچی علی الذوادی نے الگ الگ دو اجلاسوں میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور نائب صدر جے ڈی وینس سے ملاقات کی، جن میں تہران کے ساتھ مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔تاہم ذرائع نے اجلاس کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں،وینس کے دفتر کی جانب سے تبصرے کی درخواست پر فوری ردعمل سامنے نہیں آیا، جیسا کہ خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے بتایا۔جہازوں پر حملیاسی ملاقات کے ساتھ ساتھ، باخبر امریکی حکام نے انکشاف کیا کہ تیل، مائع پیٹرولیم گیس، کیمیائی مصنوعات اور دیگر خطرناک مواد لے جانے والے تقریباً 50 جہاز سائبر حملوں کا نشانہ بنے ہیں، جن کے پیچھے ایران کا ہاتھ سمجھا جا رہا ہے۔حکام نے یہ بھی بتایا کہ بعض جہازوں کو بم کی وارننگز اور دھمکیاں موصول ہوئیں ،جن میں انہیں دھماکے سے اڑانے کے امکان کا اشارہ دیا گیا تھا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ان پیغامات کے پیچھے ایران اور روس ہو سکتے ہیں، جیسا کہ وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا۔
یہ تفصیلات ایسے وقت سامنے آئیں، جب ایرانی حکام نے دہرایا کہ وہ اپنی بندرگاہوں پر امریکی ناکہ بندی توڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ اگر کوئی معاہدہ نہ ہوا، تو وہ نئے سال (2027) کے آغاز کے بعد تہران کے خلاف فوجی کارروائیاں دوبارہ شروع کر سکتے ہیں، جبکہ خطے میں عسکری کشیدگی اور تناؤ بدستور جاری ہے اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ٹرمپ نے گزشتہ جمعے وائٹ ہاؤس میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تہران جنگی کارروائیاں ختم کرنے کا معاہدہ چاہتا ہے، لیکن وہ ان کے نزدیک قابلِ قبول نہیں۔ انہوں نے مزید کہا: ہم حقیقی معاہدہ چاہتے ہیں، جعلی معاہدہ نہیں۔
اْدھر پاکستانی وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے گزشتہ ہفتے کے اختتام پر امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ ختم کرنے کیلئے جلد معاہدے کے امکان پر پْرامیدی کا اظہار کیا اور خبردار کیا کہ عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں تنازعہ کے مزید طول پکڑنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ثالث ایسی تجاویز پر زور دے رہے ہیں، جن کا مقصد آبنائے ہرمز میں بدامنی ختم کرنا ہے، اس کے بدلے تہران پر عائد پابندیوں میں محدود نرمی کی جائے، تاکہ ایرانی نیوکلیئر پروگرام کو شامل کرنے والے وسیع تر مذاکرات کی بحالی کی راہ ہموار ہو۔