تقریب کو محدود کرنے کی تجویز ، پرگتی بھون یا باغ عامہ کا انتخاب متوقع
حیدرآباد۔ قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب منعقد نہیں کی جائیں گی بلکہ یوم آزادی تقریب کو محدود کرنے کے سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے غور کیا جانے لگا ہے۔تشکیل تلنگانہ کے بعد سے یوم آزادی تقاریب قلعہ گولکنڈہ میں منعقد کی جارہی تھیں لیکن کورونا وائرس کے سبب اس سال 15 اگسٹ کو قلعہ گولکنڈہ کے بجائے باغ عامہ یا پرگتی بھون میں یوم آزادی تقریب کے انعقاد پر غور کیا جانے لگا ہے۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرا شیکھر راؤ یوم آزادی تقریب میں کہاں حصہ لیں گے اس بات کا ابھی قطعی فیصلہ نہیںکیا گیا ہے بلکہ عہدیدارو ںکی جانب سے باغ عامہ یا پرگتی بھون میں یوم آزادی تقریب کے انعقاد پر غور کیا جارہا ہے۔کورونا وائرس کے وباء اور اس سے محفوظ رہنے کے لئے جاری کردہ رہنمایانہ خطوط کو ملحوظ رکھتے ہوئے قلعہ گولکنڈہ میںپرچم کشائی تقریب منعقد نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے لیکن تاحال اس بات کا کوئی فیصلہ نہیں کیاگیا کہ متبادل کس مقام پر یوم آزادی تقریب منعقد کی جائے ۔جاریہ ہفتہ کے دوران مقام کو قطعیت دیدی جائے گی۔
