ممبئی ،12 اگست ( ایجنسیز) اگست کا یہ ہفتہ بہت خاص ہونے والا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ 14 اگست کے دن باکس آفس پر دو فلموں کا زبردست ٹکراؤ ہونے والا ہے۔ پہلی ساؤتھ سوپر اسٹار رجنی کانت کی فلم قلی اور دوسری ہے ریتک روشن اور جونیئر این ٹی آرکی فلم وار2 ہے تمام شائقین کو دونوں فلموں کا طویل عرصے سے انتظار تھا۔ دریں اثناء فلم کی ایڈوانس بکنگ بھی زوروں پر ہو رہی ہے۔اس بار عامر خان تھلائیوا رجنی کانت کی آنے والی فلم قلی میں ایک خاص اور مختصر کرداراداکرتے نظر آنے والے ہیں۔ رجنی کانت ایک ایسے اسٹار ہیں، جن کی فلم جب بھی سینما گھروں کی زینت بنتی ہے تو ان کے مداح بڑی تعداد میں جمع ہوتے ہیں۔ رجنی کانت کی مقبولیت نہ صرف ساؤتھ میں ہے بلکہ ہندی پٹی کے لوگ بھی تھالائیوا کے اسٹائل کے مداح ہیں، دوسری جانب ریتک اور جونیئر این ٹی آرکو ایک ساتھ شاندار ایکشن کرتے دیکھنا مداحوں کے لیے بہت اچھا تجربہ ثابت ہونے والا ہے۔اس وقت دونوں فلموں کی ایڈوانس بکنگ میں سخت مقابلہ ہے۔ بالی ووڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق، رجنی کانت ریتک اور جونیئر این ٹی آرکی فلم کو زیرکررہے ہیں۔ قلی نے دنیا بھر کے باکس آفس پر ایڈوانس بکنگ میں 70 کروڑ کی برتری حاصل کر لی ہے۔ فلم کی ریلیز میں ابھیایک دن باقی ہیں، اس سے قبل فلم دنیا بھر کے باکس آفس پر 85 کروڑ کما چکی ہے۔ اس کے علاوہ، فلم صرف پیشگی بکنگ میں تیزی سے 100کروڑ کے تاریخی ہندسے تک پہنچ رہی ہے۔دوسری جانب یش راج فلمز اسپائی یونیورس کی فلم وار 2 نے دنیا بھر کے باکس آفس پر 15 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے، جو 70 کروڑ روپے کے فرق سے رجنی کانت کی قلی سے پیچھے ہے۔ تاہم اصل مقابلہ تب ہی پتہ چلے گا جب دونوں فلمیں14 اگست کو سینما گھروں میں ریلیز ہوں گی۔یہ بات یقینی ہے کہ آنے والے طویل ہفتہ کی تعطیلات سے دونوں فلموں کو کافی فائدہ ہونے والا ہے، کیونکہ 15 اگست، پھر جنم اشٹمی اور پھر ویک اینڈ کے ساتھ ہی شائقین کا سینما گھروں تک پہنچنا تقریباً طے ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ کس فلم کو کتنا فائدہ ہوتا ہے اور کس فلم کو دوڑ میں سبقت ملتی ہے ۔