انتظامات کا جائزہ اجلاس، ریاستی وزراء کے ایشور اور محمود علی کی شرکت
حیدرآباد ۔16۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے عہدیداروںکو ہدایت دی کہ 20 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں حکومت کی جانب سے کرسمس تقاریب کیلئے بہتر انتظامات کریں۔ کے ایشور نے آج کرسمس تقاریب کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا ۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی جانب سے 20 ڈسمبر کو لال بہادر اسٹیڈیم میں کرسمس ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ جائزہ اجلاس میں وزیر داخلہ محمود علی ، وزیر لیبر ملا ریڈی اور عہدیدار شریک تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود نے کہا کہ چیف منسٹر نے دیگر تہواروں کی طرح کرسمس کے شاندار انعقاد کی ہدایت دی ہے۔ کرسمس ڈنر میں تقریباً 10,000 افراد کی شرکت متوقع ہے ۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ صحت و صفائی و دیگر انتظامات کو یقینی بنائیں۔ مختلف محکمہ جات کو انتظامات کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ 18 ڈسمبرکو ریاستی وزراء لال بہادر اسٹیڈیم کا دورہ کریں گے ۔ وزیر داخلہ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ میں حکومت کی جانب سے تمام مذاہب کے عید اور تہوار منائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کرسمس ڈنر کے شاندار انعقاد پر زور دیا۔ وزیر لیبر ملا ریڈی نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہر سال تقاریب منعقد کی جارہی ہے ۔ جائزہ اجلاس میں حکومت کے مشیر اے کے خاں ، صدرنشین ایم ایف سی اکبر حسین ، رکن کونسل راجیشو راؤ ، رکن اسمبلی اسٹفنسن ، ڈپٹی میئر بابا فصیح الدین ، پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود اجئے مشرا ، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود شاہنواز قاسم ، کرسچن فینانس کارپوریشن کی مینجنگ ڈائرکٹر کانتی ویسلی اور دوسروں نے شرکت کی۔