حکومت کی سخت مخالفت کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کا اٹل موقف، کئی مقامات پر پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاری
لاہور ؍ اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر پنجاب اور خیبر پختونخواہ سے تحریک انصاف کے کارکن اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہیں جبکہ کراچی میں نمائش چورنگی پر کارکنوں اور پولیس کے درمیان چھڑپیں ہوئی ہیں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے قافلے کے ہمراہ صوابی سے اسلام آباد کی جانب سفر شروع کیا اور اب وہ پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں۔اس حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ ہم پنجاب میں داخل ہوچکے ہیں، اب اسلام آباد کی جانب بڑھیں گے۔ ’’امپورٹڈ سرکار ‘‘کا جبر و فسطایت کا کوئی حربہ ہمیں ڈرا نہیں سکتا ، نہ ہی یہ ہمارے مارچ کا راستہ روک سکتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہر میں لوگ باہر نکلیں، یہ پاکستان کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، میں اسلام آباد پہنچ رہا ہوں، سب کو پیغام دیں کہ ہمیں کسی کی غلامی قبول نہیں، سپریم کورٹ نے فیصلہ کردیا ہے کہ کوئی رکاوٹ نہیں ہوگی۔دریں اثناء سپریم کورٹ نے لانگ مارچ کی برقراری کے بارے میں حکم جاری کیا۔ تاہم عمران خان اور ان کی پارٹی نے سیاق سے ہٹ کر مفہوم لیا۔ عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ آگیا ہے کہ اب کوئی رکاوٹ اور پکڑ دھکڑ نہیں ہو گی، اسلام آباد اور پنڈی کے لوگ ڈی چوک پہنچیں۔ حالانکہ سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو ڈی چوک نہیں، ایچ نائن اور جی نائن کے درمیان میدان پر جلسہ گاہ فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ لال حویلی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق شیخ رشید کا لال حویلی سے قافلے کی صورت میں اسلام آباد جانا منسوخ ہوگیا ہے، کارکنان ان کی راہ دیکھتے رہے، شیخ رشید اسلام آباد پہنچ گئے۔ڈی چوک پر تحریک انصاف کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے، کارکنان نے جناح ایونیو کے اطراف میں جگہ جگہ آگ لگا رکھی ہے، کارکنان نے شیلنگ سے بچاؤ کیلئے پانی کا انتظام بھی کیا ہوا، پی ٹی آئی کارکنان ریلی کی صورت میں ڈی چوک پہنچ رہے ہیں۔پرویز خٹک بھی ریلی کے ہمراہ ایچ نائن اور جی نائن رکنے کی بجائے ڈی چوک روانہ ہوگئے ہیں۔ اس دوران تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر سلام آباد میں گاڑی کی چھت پر سوار تھے کہ گاڑی اچانک چل پڑی اور وہ نیچے آگرے۔اطلاعات کے مطابق انہیں معمولی چوٹیں آئی ہیں۔آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی کو آنے کی ہرگز اجازت نہیں، کسی نے ریڈ زون کے قریب آنے کی کوشش کی توسختی سے نمٹاجائیگا۔آئی جی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ دیگر مقامات پر پولیس افسران قوت استعمال نہ کرے، مظاہرین سے بھی اپیل ہے کہ وہ پرْامن رہیں،مظاہرین پولیس پر پتھراؤ اور سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچائیں۔