حیدرآباد ۔ 14 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : لاڈ بازار میں حیدرآباد میٹرو پولیٹن واٹر سپلائی اینڈ سیوریج بورڈ
(HMWSSB)
کی جانب سے پائپ لائن کاموں کی تکمیل کے تین ماہ بعد جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کی جانب سے جو چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ
(CPP)
کے نگران ہیں ، چارمینار کے قریب لاڈ بازار میں پتھر بچھانے کا کام شروع کیا گیا ۔ واٹر بورڈ نے یہاں پائپ لائن بچھانے کا کام فروری میں شروع کیا تھا اور جون میں اس کام کی تکمیل ہوئی اور اس وقت سے اس سڑک کو کھدائی کی گئی حالت میں چھوڑ دیا گیا تھا اور 2018 میں لگائے گئے گول پتھر کو تین سال کے اندر نقصان پہنچا اور پیدل راہگیروں کو مشہور لاڈ بازار سڑک سے گذرنے میں دشواری پیش آرہی تھی ۔ چہارشنبہ کو یہ کام شروع کیا گیا اور ملبہ سے بھری اس پوری سڑک کی صفائی کی گئی ۔ اس کے بعد پوری لاڈ بازار سڑک پر سی سی روڈ ڈالی گئی اور ہفتہ کو یہ کام مکمل ہوا ۔ یہ بات پراجکٹ آفیسر نے بتائی اور کہا کہ گرانائٹ پیومنٹ پتھر بچھانے کا کام 4 کروڑ روپئے تخمینہ لاگت کے ساتھ جلد شروع کیا جائے گا ۔ یہ کام رات کے اوقات میں کئے جارہے ہیں کیوں کہ دن کے وقت اس بازار میں بڑی تعداد میں لوگوں کی آمد ہوتی ہے ۔۔