اقلیتی کمیشن کا آن لائن اجلاس، صدر نشین محمد قمر الدین کا بیان
حیدرآباد۔ تلنگانہ اقلیتی کمیشن کا ماہانہ اجلاس صدر نشین محمد قمر الدین کی صدارت میں آن لائن ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ منعقد ہوا۔ نائب صدر نشین بی شنکر لوکے کے علاوہ ارکان جی نوریا، محمد ارشد علی خان، ڈاکٹر ودیا شراونتی، ایم اے عظیم، ڈی کٹیا، سردار سریندر سنگھ کے علاوہ سکریٹری ہریش چندر ساہو نے شرکت کی۔ اقلیتی کمیشن کا آفس خیریت آباد میں واقع میٹرو واٹر ورکس کی عمارت میں واقع ہے لیکن حالیہ عرصہ میں عمارت میں کورونا کے کیسس میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے کمیشن کا اجلاس آن لائن منعقد کیاگیا اور صدرنشین نے اپنی قیامگاہ سے آن لائن شرکت کی۔ ارکان بھی اپنے اپنے مقامات سے آن لائن شریک ہوئے۔ صدر نشین نے ارکان اور اسٹاف سے خواہش کی کہ وہ زیر التواء درخواستوں کی یکسوئی پر توجہ دیں۔ اجلاس میں کمیشن کے نائب صدر نشین ، ارکان اور اسٹاف کے ہیلت انشورنس کا جائزہ لیا گیا۔ سکریٹری کمیشن کو ہدایت دی گئی کہ لاک ڈاؤن کی مدت میں موصولہ درخواستوں کو ارکان میں تقسیم کریں۔ تمام ارکان درخواستوں کی جانچ کرتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں سے رپورٹ طلب کریں گے۔ کمیشن کو آن لائن درخواستیں [email protected] پر روانہ کی جاسکتی ہیں۔ صدرنشین محمد قمر الدین نے سال 2019-20 کی رپورٹ کی عاجلانہ تیاری کا تیقن دیا۔ آئندہ ویڈیو کانفرنس 21 اگسٹ کو منعقد ہوگی۔