نئی دہلی۔28 مارچ (سیاست ڈاٹ کا) کوروناوائرس کے خطرے کی وجہ سے ہندوستان سمیت دنیا بھر کے بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کے دوران سابق ہندستانی اوپنر وریندر سہواگ نے کہا ہے کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران ٹیم کے سابق ساتھی اجے جڈیجہ اورظہیر خان کے ساتھ وقت بتانا پسند کریں گے ۔عالمی وبا بن چکے کوروناوائرس کی وجہ سے کھیل کی دنیا کافی متاثر ہوئی ہے اور اب دنیا بھر کی تمام کھیل سرگرمیاں ٹھپ پڑی ہوئی ہیں ۔ ہندوستان سمیت کئی ممالک میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا ہے اور لوگوں سے احتیاطا گھروں میں رہنے کی اپیل کی گئی ہے ۔لاک ڈاؤن کے درمیان کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ کرک بز اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ نامی اپنا نیا پروگرام لے کرآ رہا ہے جس میں کرکٹ کی دنیا کی تمام شخصیات سے جواب لئے جائیں گے کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران اپنا وقت کس طرح بتانا پسند کریں گے ۔ اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ پروگرام کے دوران جب سہواگ سے یہ پوچھا گیا کہ لاک ڈاؤن کے دوران وہ کیا پسند کریں گے ، تو اس پر انہوں نے کہا کہ وہ لاک ڈاؤن کے دوران جڈیجہ اورظہیرخان کے ساتھ وقت گزارنا پسند کریں گے کیونکہ جڈیجہ کو مسلسل بات کرنے کی عادت ہے جبکہ ظہیر سننا کافی پسند کرتے ہیں۔ ایسے میں دونوں کے ساتھ اس دوران وقت گزارنا کافی اچھا رہے گا۔ اسٹریٹیجک ٹائم آؤٹ میں آگے ہرشا بھوگلے ، گورو کپور، مائیکل وان، ظہیرخان، آکاش چوپڑا اور محمد کیف سمیت کرکٹ دنیا کی تمام ہستیاں کو دکھایا جائے گا۔