لاک ڈاؤن کے درمیان ملک بھر میں آج عیدالفطر

,

   

نماز گھروں میں ہی ادا کرنے علماء و قائدین کی اپیل،روایتی جوش و خروش کا فقدان

نئی دہلی ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کے بشمول خلیجی ممالک کے علاوہ پاکستان اور دنیا کے کئی ممالک میں اتوار کو عیدالفطر منائی گئی جبکہ بنگلہ دیش اور ہندوستان میں پیر 25 مئی کو عیدالفطر منائی جارہی ہے۔ کوروناوائرس کی وباء کے پیش نظر دنیا بھر میں لاک ڈاؤن کے باعث عیدالفطر کے روایتی جوش و خروش کا فقدان دیکھا گیا۔ کورونا وباء سے بچاؤ کیلئے اجتماعات پر پابندی اور سماجی دوری کو برقرار رکھنے جیسے قواعد پر عمل کیا جارہا ہے جس کے باعث عیدگاہوں میں نماز کی ادائیگی پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ سعودی عرب کے مفتی گھر میں ہی نماز عید ادا کرنے کا فتویٰ دیا ہے جبکہ دیگر علماء نے نماز شکرانہ ادا کرنے کی مسلمانوں سے اپیل کی ہے۔ دہلی کی جامع مسجد کے شاہی امام نے بھی مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ گھروں میں نماز ادا کریں۔ جمعیتہ العلماء ہند نے بھی مسلمانوں سے اپیل کی ہیکہ کوروناوائرس کے وباء کے پیش نظر حکومت کے رہنمایانہ خطوط پر عمل کرتے ہوئے نماز گھر پر ہی ادا کریں۔ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک بھر میں مسلمانوں کی سب سے بڑی عید عیدالفطر کے موقع پر عیدگاہوں اور بڑی مساجد میں نماز ادا نہیں کی جارہی ہے۔ اگرچہ اجتماعات پر پابندی ہے لیکن لاک ڈاؤن کے باوجود ملک کے تمام بڑے شہروں کے بازاروں میں عید کی خریداری کیلئے زبردست گہماگہمی دیکھی گئی۔ علماء اور قائدین نے اس مرتبہ عید سادگی سے منانے اور غریبوں کی مدد کرنے پر زور دیا تھا۔ اس اپیل کا بھی اثر دیکھا جارہا ہے۔ عوام کی بڑی تعداد میں کپڑے اور دیگر ذیلی اشیاء کی خریداری سے گریز کیا تاہم اشیائے ضروریہ اور خوردونوش کیلئے بازاروں میں ہجوم دیکھا گیا۔ کئی بازاروں میں لاک ڈاؤن کے قواعد جیسے سماجی دوری کا فقدان تھا اور کئی لوگ بغیر ماسک کے بھی دیکھے گئے۔ دہلی کے عوام نے اس سال عید کی شاپنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اس رقم سے مائیگرنٹس کی مدد کی جائے گی۔ جنوب مشرقی دہلی کے ذاکر نگر کے رہنے والی 30 سالہ شمع خاں نے بتایا کہ وہ ایک این جی او چلاتی ہیں۔ ہر سال زیورات ، کپڑے وغیرہ خریدتی ہیں اور رشتہ داروں کیلئے عیدکی پارٹی کا اہتمام کرتی ہیں لیکن اس مرتبہ وہ یہ سب نہیں کررہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے گھر اور خاندان میںکسی نے بھی اس مرتبہ عید کی خریداری نہیں کی ۔ انہوں نے کہا کہ کس طرح عید مناسکتے ہیں جبکہ ملک میں کئی لوگ بھوکے پیٹ سو رہے ہیں۔