حلقہ اسمبلی ملکاجگری میں کوویڈ کیرسنٹر کا افتتاح، محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد : ریاستی وزیرداخلہ محمد محمود علی نے آج اسمبلی حلقہ ملکاجگری کے آر ٹی سی کالونی میں واقع داودی بوہرہ کمیونٹی ہال میں 10 بیڈس پر مشتمل کورونا کیر سنٹر کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر مقامی ٹی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم ہنمنت راؤ ،سینئر قائد عارف الدین کے علاوہ داودی بوہرہ کمیونٹی کے ذمہ داران کے علاوہ دوسرے موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیرداخلہ نے کہا کہ ریاست میں کورونا پر قابو پانے کیلئے حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کورونا کی چین کو توڑنے کیلئے ایک طرف ریاست میں جہاں لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے وہیں دوسری طرف بڑے پیمانے پر ٹیکہ اندازی مہم چلائی جارہی ہے اور ساتھ ہی کورونا کے ٹسٹنگ میں بھی زبردست اضافہ کردیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن کے ریاست میں مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ کورونا کے کیسیس میں بڑی حد تک کمی آئی ہے۔ چیف منسٹر عوام کی صحت کو لیکر کافی فکرمند ہیں اور وہ اعلیٰ عہدیداروں کا بار بار اجلاس طلب کرتے ہوئے ریاست کی تازہ صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کورونا کے مریضوں کی حوصلہ افزائی کیلئے چیف منسٹر خود گاندھی اور ورنگل کے ایم جی ایم ہاسپٹلس کا دورہ کرچکے ہیں وہ اور دوسرے وزراء بھی ہاسپٹلس کا دورہ کرتے ہوئے کورونا مریضوں کا حوصلہ بڑھارہے ہیں۔ محمد محمود علی نے کہا کہ لاک ڈاؤن کی عمل آوری میں عوام کا حکومت کو تعاون حاصل ہورہا ہے۔ وہ پھر بھی عوام سے اپیل کرتے ہیں لاک ڈاؤن کے اصولوں پر سختی سے عمل آوری کریں تاکہ کورونا کی وبا پر جلد از جلد قابو پایا جاسکے۔ وزیرداخلہ نے داودی بوہرہ طبقہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیونٹی قومی اور ملی خدمات میں ہمیشہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جو ناقابل فراموش ہے۔ انہوں نے اس کوویڈ کیر سنٹر سے بھرپور استفادہ کرنے کا عوام کو مشورہ دیا۔