لدھیانہ ویسٹ ضمنی انتخاب: ووٹوں کی گنتی کا آج صبح سے آغاز

   

چنڈی گڑھ: 22 جون (یو این آئی) پنجاب کے چیف الیکٹورل آفیسر نے اتوار کو کہا کہ لدھیانہ مغربی اسمبلی حلقہ کے ووٹوں کی گنتی صبح 7 بجے کے بجائے پیر کی صبح 8 بجے شروع ہوگی۔سی ای او نے اس سلسلے میں لدھیانہ کے ڈپٹی کمشنر کم الیکشن آفیسر کو خط لکھا ہے ۔ 19 جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں تقریباً 51.33 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی تھی۔ کل 14 امیدوار میدان میں تھے ، جبکہ اس حلقے میں 1.74 لاکھ رجسٹرڈ ووٹرز ہیں۔اس سال جنوری میں اے اے پی ایم ایل اے گرپریت گوگی کے بے وقت انتقال کی وجہ سے ضمنی انتخاب کی ضرورت پڑ گئی تھی، جس میں کثیر جہتی مقابلہ دیکھنے میں آیا تھا۔عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے راجیہ سبھا کے رکن سنجیو اروڑہ کو میدان میں اتارا تھا اور کانگریس نے سابق وزیر بھارت بھوشن آشو پر انحصار کیا، جو 2022 کے اسمبلی انتخابات میں گوگی سے ہار گئے تھے ۔ بی جے پی اور شرومنی اکالی دل کے امیدوار بالترتیب جیون گپتا اور پروپکر سنگھ گھمن تھے ۔