لشکر طیبہ کمانڈر لکھوی پاکستان میں گرفتار

,

   

ملزم 2015 سے ضمانت پر تھا ، 61 سالہ لکھوی کو صوبہ پنجاب کے محکمہ نے گرفتار کیا
لاہور : ممبئی حملے کے سرغنہ اور لشکر طیبہ کے آپریشنس کمانڈر ذکی الرحمن لکھوی کو پاکستان میں ہفتہ کو دہشت گردی کے لیے فنڈس فراہم کرنے کے الزامات پر گرفتار کرلیا گیا ۔ وہ ممبئی کیس میں 2015 سے ضمانت پر تھا ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ اسے صوبہ پنجاب کے محکمہ انسداد دہشت گردی کی جانب سے گرفتار کیا گیا ۔ تاہم محکمہ نے اس کی گرفتاری کے مقام کا انکشاف نہیں کیا ۔ محکمہ نے کہا کہ انٹلی جنس کی اطلاع پر آپریشن منعقد کیا گیا اور ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ کے لیڈر لکھوی کو دہشت گردی کی فینانسنگ کے الزامات پر گرفتار کرلیا گیا ۔ 61 سالہ لکھوی کو سی ٹی ڈی لاہور کے ایک پولیس اسٹیشن میں درج متعلقہ کیس میں گرفتار کیا گیا ہے ۔ لکھوی پر الزام ہے کہ وہ دہشت گردی کے لیے حاصل شدہ فنڈس کو استعمال کرتے ہوئے ایک ڈسپنسری چلا رہا تھا ۔ وہ اور بعض دیگر افراد نے اس ڈسپنسری سے بھی فنڈس اکٹھا کیے اور ان کو دہشت گردی کو بڑھاوا دینے کے لیے استعمال کیا ۔ اس نے ان فنڈس کا شخصی استعمال بھی کیا۔ محکمہ نے کہا کہ ممنوعہ تنظیم لشکر طیبہ سے تعلق رکھنے کے علاوہ لکھوی اقوام متحدہ کا نامزد ملزم بھی ہے ۔ اس کے خلاف ٹرائیل لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں منعقد کیا جائے گا ۔۔