لفٹ میں پھنسی امریکی خاتون کو تین دن بعد بچا لیا گیا

   

واشنگٹن ۔ 29 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) نیویارک میں ایک خاتون کو تین روز تک لفٹ میں پھنسے رہنے کے بعد نکال لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق 53 سالہ میرٹیز فورٹالیزا جمعہ کی شب نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں واقع کھرب پتی بینکر ویرن سٹیونز کے مکان کی عمارت میں لگی لفٹ میں داخل ہوئیں۔آگ بجھانے والے عملے نے پیر کے روز ایک ایمرجنسی کال پر کارروائی کرتے ہوئے لفٹ کو کھول کر میرٹیز فورٹالیزا کو باہر نکالا۔ جس کے بعد وہ اب ہاسپٹل میں زیرِ علاج ہیں۔خاندانی ذرائع کے مطابق فورٹالیزا ویل کارنل میڈیکل سینٹر میں ہیں جہاں ان کی حالت میں قدرے بہتری آئی ہے۔
فورٹالیزا 18 برس سے سٹیونز خاندان کی اہم رکن ہیں۔ جمعے کے روز جب یہ واقعہ پیش آیا تو گھر میں سٹیونز خاندان کا کوئی فرد موجود نہیں تھا جبکہ فورٹالیزا اپنے کام کاج میں مصروف تھیں۔فورٹالیزا سینٹرل پارک کے قریب واقع مکان کی دوسری اور تیسری منزل کے درمیان لفٹ میں پھنس گئی تھیں۔سٹیونز امریکی ریاست آرکنسا کے شہر لٹل راکس میں ایک بینک کے سربراہ ہیں۔ ڈپارٹمنٹ آف بلڈنگز کی جانب سے لفٹ کو مزید معائنے تک بند رکھا جائے گا تاہم واقعے کی تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔