سنٹرل الیکشن کمیشن نے اس عمل کو مزید آسان بنادیا
حیدرآباد ۔ 17 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سنٹرل الیکشن نے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ای ووٹر شناختی کارڈ ( ای ایپک ) کو ڈاؤن لوڈ کرنا آسان بنادیا ہے ۔ اس کیلئے ویب سائیٹ میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں ۔ سنٹرل الیکشن کمیشن نے اعلان کیا کہ موبائیل نمبر درج کرکے ووٹر شناختی کارڈ لمحوں میں حاصل کیا جاسکتا ہے اور یہ ووٹر شناختی کارڈ حق رائے دہی سے استفادہ کرنے میں درست ثابت ہوگا ۔ ای ایپک کو ڈاؤن لوڈ کرنے فہرست رائے دہندگان میں تبدیلیوں اور اضافے کیلئے تیار فارم 8 کا استعمال کیا جانا چاہئے ۔ اس ایپلی کیشن میں موبائل نمبر کے اندراج کیلئے علحدہ کالم دستیاب ہے ۔ اس پر کلک کر کے درج کرنے کے بعد درخواست داخل کریں جس کے بعد voters.eci.gov.in ای ایپک سیکشن میں جائیے اور مخصوص فیلڈ میں ووٹر شناختی کارڈ نمبر درج کریں ۔ جیسے ہی آپ موبائل نمبر داخل کریں گے OTP آئے گا ۔ اسے رجسٹر کرنے کے بعد ای ووٹر شناختی کارڈ ڈاؤن لوڈ ہوجائیگا ۔ یہ دستاویز دیگر سرٹیفیکٹس کی طرح قابل قبول ہوگا ۔ یہ کارڈ ڈاؤن لوڈ ہونے کے بعد الیکشن کمیشن سے روانہ کیے جانے والے ووٹر شناختی کارڈ کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی ۔ اگرچہ کہ یہ سہولت ماضی میں موجود تھی لیکن اس کی منظوری میں کافی وقت لگتا تھا ۔ اندراج کی تفصیلات متعلقہ اسمبلی حلقہ کے انتخابی آفیسر سے منظوری کے بعد اس کا عمل مکمل ہوتا تھا ۔ حال میں سنٹرل الیکشن کمیشن نے اس عمل کو آسان بنادیا ہے۔۔ ن