ملبورن،28 جنوری (یو این آئی ) اٹلی کے اسٹارکھلاڑی لورینزو موسٹی کے لیے چہارشنبہ کا دن کسی ڈراؤنے خواب سے کم ثابت نہیں ہوا۔ نواک جوکووچ کے خلاف دو سیٹس کی برتری حاصل کرنے کے باوجود، موسٹی زخمی ہونے کے باعث میچ سے دستبردار ہونے پر مجبور ہو ئے ، جس کے نتیجے میں جوکووچ نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔اطالوی کھلاڑی موسٹی نے روڈ لیور ایرینا میں شاندار کھیل پیش کیا اور جوکووچ کو مکمل طور پر بے بس کردیا تھا۔ میچ کے ابتدائی دو سیٹس موسٹی نے6-4 اور6-3 سے جیت کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ تیسرے سیٹ کے دوران جب اسکور1-3 تھا، موسٹی کی دائیں ران کے اوپری حصے میں شدید تکلیف اٹھی۔ فزیو سے علاج کے باوجود وہ کھیل جاری نہ رکھ سکے اور دوگھنٹے آٹھ منٹ کے کھیل کے بعد میچ چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔ میچ کے بعد کورٹ پر انٹرویو دیتے ہوئے نواک جوکووچ جذباتی نظر آئے اور انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ شکستکے قریب تھے ۔ جوکووچ نے کہا، سچ کہوں تو مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ کیا کہوں۔ مجھے موسٹی کے لیے بہت دکھ ہے کیونکہ وہ مجھ سے کہیں بہترکھلاڑی ثابت ہوا۔ میں تو آج گھر جانے کی تیاری کررہا تھا۔ سیمی فائنل میں اس طرح پہنچنا بدقسمتی ہے ، اس میں کوئی شک نہیں کہ آج جیت کا حقدار وہی تھا۔اگرچہ یہ جیت خوش قسمتی کا نتیجہ تھی، لیکن اس میچ نے جوکووچ کے نام کئی تاریخی ریکارڈزکردیے ۔ وہ جمی کونرز اور راجر فیڈرر کے بعد1,400 ٹور لیول میچزکھیلنے والے دنیا کے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں۔