لوکیش راہول کی واپسی طے، ایشیا کپ اسکواڈ میں جگہ ملنا یقینی

   

نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کی جم کر مشق۔ شریس ایئر بھی این سی اے پریکٹس میں مصروف

بنگلورو: کے ایل راہول نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) میں میچ کے ماحول میں پریکٹس کی۔ اس دوران انہوں نے کافی دیر تک بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کیلئے اپنی تیاری دکھائی، جو ایشیا کپ اور آئی سی سی ونڈے ورلڈ کپ سے پہلے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کیلئے حوصلہ افزا خبر ہے۔ اس بات کا قوی امکان ہے کہ لوکیش راہول ایشیا کپ کیلئے سری لنکا کا دورہ کر سکتے ہیں، جس کیلئے ہندوستانی ٹیم کا انتخاب 21 اگست کو کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ لوکیش نے این سی اے میں ’میچ سمولیشن‘ (میچ کنڈیشنز) پروگرام میں (جمعہ کو) کافی دیر تک بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ کرکے بہترین فٹنس لیول کا مظاہرہ کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ لوکیش نے اس ہفتے کے آغاز سے بیٹنگ شروع کی تھی اور اب انہوں نے وکٹ کیپنگ بھی شروع کر دی ہے۔ لوکیش کی ٹاپ لیول کی کرکٹ میں واپسی جلد ہی نظر آرہی ہے، جبکہ این سی اے میں چوٹ سے صحت یاب ہورہے شریس ایئر کو تھوڑا اور انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔ شریس بھی این سی اے میں میچ کنڈیشنز کے مطابق پریکٹس کر رہے ہیں اور اس مڈل آرڈر بیاٹر نے فٹنس میں کافی بہتری دکھائی ہے۔ شریس کے بارے میں حتمی فیصلہ اگلے دو دنوں میں کیا جا سکتا ہے۔ لوکیش کی واپسی سے ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ پر دباؤ کم ہو جائے گا، کیونکہ وہ مڈل آرڈر میں جگہ بنا سکتے ہیں۔ لوکیش کا ونڈے میں چوتھے نمبر پر بیٹنگ کا اچھا ریکارڈ ہے۔ انہوں نے 7 اننگز میں 40.17 کی اوسط سے 241 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری شامل ہے۔ وہیں پانچویں نمبر پر لوکیش نے 18 اننگز میں 53 کی اوسط سے 742 رنز بنائے ہیں، جس میں ایک سنچری اور سات نصف سنچریاں شامل ہیں۔ لوکیش کی غیر موجودگی میں مڈل آرڈر میں سوریہ کمار یادو اور سنجو سیمسن کے ساتھ تجربہ کیا گیا، لیکن ان میں سے کوئی بھی استقلال کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا۔ لوکیش نے ہندوستان کیلئے آخری ونڈے 22 مارچ کو چنئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔ وہ انڈین پریمیئر لیگ 2023 میں رائل چیلنجرز بنگلورو کے خلاف لکھنؤ سوپر جائنٹس کے میچ کے دوران ران کی انجری کا شکار ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ کرکٹ ایکشن سے دور ہو گئے تھے۔ بعد میں اُن کی سرجری ہوئی۔ اور پھر انہوں نے اپنا ری ہیابلٹیشن پروگرام شروع کیا تاکہ جلد از جلد ٹیم انڈیا میں واپسی کرسکیں۔