لوک سبھا الیکشن سے قبل سی اے اے کا نفاذ‘ امیت شاہ کا اعلان

,

   

یہ کسی ہندوستانی کی شہریت چھیننے کیلئے نہیں ہے‘ مسلمانوں کو گمراہ کرنے کا الزام

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ شہریت ترمیم قانون کو لوک سبھا انتخابات 2024 سے قبل نافذ کر دیا جائے گا۔ امیت شاہ نے مودی حکومت کے دوران پارلیمنٹ سے منظور شدہ متعدد قوانین کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی پھر حکومت بنائے گی اور حزب اختلاف کی جماعتوں کو اپوزیشن میں ہی بیٹھنا پڑے گا!امیت شاہ نے دعویٰ کیا کہ آنے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو 370 نشستیں اور اس کی قیادت میں قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کو 400 سے زیادہ نشستیں حاصل ہوں گی اور مرکز میں مسلسل تیسری بار وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت بنے گی۔امیت شاہ نے شہریت ترمیم قانون (سی اے اے) کے بارے میں کہا کہ 2019 میں منظور شدہ یہ قانون متعلقہ قواعد جاری ہونے کے بعد لوک سبھا انتخابات سے قبل پوری طرح نافذ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مسلمان بھائیوں کو گمراہ کیا جا رہا ہے اور انہیں بھڑکایا جا رہا ہے۔ سی اے اے صرف ان لوگوں کو شہریت دینے کیلئے ہے جو پاکستان، افغانستان اور بنگلہ دیش میں ظلم کا شکار ہو کر ہندوستان آئے ہیں۔ یہ کسی کی ہندوستان کی شہریت چھیننے کیلئے نہیں ہے۔امیت شاہ نے ایودھیا میں رام مندر کے بارے میں کہا کہ اس سے قبل خوشامدی سیاست کی وجہ سے اور قانون و ضابطے کا بہانہ بنا کر رام مندر کی تعمیر نہیں ہونے دی گئی تھی۔