یوسف پٹھان اور مہوا موئترا شامل ،نصرت جہاں ٹکٹ سے محروم
کولکاتہ : مغربی بنگال میں ترنمول کانگریس نے اتوار کو لوک سبھا انتخابات 2024 کیلئے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے۔ یہ فہرست دارالحکومت کولکاتہ میں چیف منسٹر ممتا بنرجی کی موجودگی میں جاری کی گئی جس میں 42 امیدواروں کے نام شامل ہیں۔اس بار ترنمول کانگریس نے سابق کرکٹر یوسف پٹھان کو بھی ٹکٹ دیا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر ادھیر رنجن چودھری بہرام پور سے الیکشن لڑ رہے ہیں۔ ایسے میں اس بار ادھیر رنجن کا مقابلہ بہرام پور سے کرکٹر یوسف پٹھان سے ہوگا۔ ٹی ایم سی نے مہوا موئترا کو بنگال کی کرشن نگر لوک سبھا سیٹ سے دوبارہ امیدوار بنایا ہے۔نصرت جہاں کو اس مرتبہ میدان میں نہیں اتارا گیا۔ ترنمول کانگریس کے قومی جنرل سکریٹری اور ایم پی ابھیشیک بنرجی نے 42 لوک سبھا سیٹوں کے لیے ترنمول کانگریس کے امیدواروں کی فہرست جاری کی۔ابھیشیک بنرجی ڈائمنڈ ہاربر سے مقابلہ کریں گے جبکہ کرتی آزاد بردھامن درگا پور سے امیدوار ہونگے۔نصرت جہاں کو ٹکٹ نہیں دیا گیا ہے جبکہ سابق ایم پی نورالاسلام کو موقع دیا گیا ہے۔ الوبیڑیا سے ساجدہ احمد جبکہ آسنسول سے شتروگھن سنہا امیدوار ہوں گے۔
