لوک سبھا امیدواروں کے انتخاب کیلئے کے سی آر سرگرم

   

۔15 اور 16 مارچ کو موجودہ ارکان پارلیمنٹ سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 13۔ مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر اور ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر راؤ نے لوک سبھا کے پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں سرگرم مشاورت کا آغاز کردیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کے سی آر نے کہا کہ پارٹی امیدواروں کے انتخاب کے سلسلہ میں کوئی عجلت نہیں کی جائے گی ۔ چیف منسٹر ہر لوک سبھا حلقہ کی صورتحال اور پارٹی کے امکانات کا جائزہ لینے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے 15 اور 16 مارچ کو پارٹی کے موجودہ ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ لنچ پر اجلاس منعقد کیا ہے ۔ اس اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی کارکردگی کے علاوہ ان کی کامیابی سے متعلق سروے رپورٹس کا جائزہ لیا جائے گا ۔ ارکان پارلیمنٹ کو سروے رپورٹس سے واقف کراتے ہوئے دوبارہ ٹکٹ دیئے جانے کی صورت میں کامیابی کی حکمت عملی کے بارے میں استفسار ہوگا ۔ اطلاعات کے مطابق کے سی آر 4 سٹنگ ارکان پارلیمنٹ کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کرچکے ہیں ۔ ان کی جگہ نئے چہروں کو پارٹی ٹکٹ دینے پر غور کیا جاسکتا ہے۔