لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں ۔ کے ٹی آر کا آج کریمنگر میں اجلاس

   

حیدرآباد 5 مارچ (سیاست نیوز) ٹی آر ایس نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ریاست کی 17 کے منجملہ 16 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کرکے ٹی آر ایس نے عملاً مہم کا آغاز کردیا ہے۔ کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ آج کریم نگر سے اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔ یکم مارچ سے اس مہم کا آغاز ہونے والا تھا تاہم پلوامہ حملہ کے بعد اس پروگرام کو ملتوی کردیا گیا تھا اور کریم نگر سے آج آغاز ہوگا۔ کارگذار صدر کے پروگرامس کے شیڈول کو تیار کرلیا گیا ہے اور ہر لوک سبھا حلقہ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے ۔ ہر لوک سبھا حلقہ کے تحت تمام اسمبلی حلقوں میں جلسوں کے علاوہ کیڈر کو مضبوط کرنے اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ پارٹی ہر حال میں ان حلقوں سے کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے۔ کے ٹی آر نے ہدایت دی ہے کہ ایم پی ‘پارٹی کے علاقائی اور بوتھ صدر بھی اجلاس میں شرکت کریں ۔اجلاس میں 15 ہزار سے زائد تعداد میں شرکت کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ کارگذار صدر کے ٹی آر نے کہاکہ ہر لوک سبھا حلقہ میں 3 لاکھ سے زائد اکثریت سے کامیابی کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔