لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی

   

نئی دہلی6فروری (یواین آئی) لوک سبھا میں اپوزیشن جماعتوں کا ہنگامہ جمعہ کو مسلسل پانچویں دن بھی جاری رہا، جس کی وجہ سے ایوان نہیں چل سکا اور لوک سبھا کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی گئی۔ پریزائیڈنگ افسر کرشن پرساد تینیٹی نے ایک بار کے التوا کے بعد دوپہر بارہ بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع کی، تو اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نعرے بازی اور ہنگامہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آ گئے ۔ اس دوران انہوں نے ہنگامے کے بیچ ہی ضروری کاغذات ایوان کی میز پر رکھوائے ۔ ہنگامہ کر رہے ارکان سے انہوں نے اپنی نشستوں پر جانے کی اپیل کی اور کہا کہ ہنگامے کے دوران وہ ایوان کی کارروائی نہیں چلا سکتے ، اس لیے تمام ارکان خاموش ہو کر اپنی نشستوں پر بیٹھ جائیں۔ لیکن کسی نے ان کی بات نہیں مانی اور ہنگامہ بڑھتا گیا، جس کے باعث انہوں نے ایوان کی کارروائی دن بھر کے لیے ملتوی کر دی۔ اس سے پہلے صبح 11 بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی، اپوزیشن ارکان نے شدید ہنگامہ کیا۔ اسپیکر اوم برلا نے ہنگامے کے دوران ہی وقفہ سوالات کا سلسلہ چلانے کی کوشش کی لیکن ہنگامہ بڑھتا گیا، جس کی وجہ سے انہیں ایوان کی کارروائی دوپہر 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔