لوک سبھا کی 16 نشستوں پر کامیابی کیلئے کے سی آر کی حکمت عملی

   

وفاقی محاذ کی کوششوں کو جاری رکھنے یا ختم کرنے پر تجسس برقرار
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلنگانہ کی 16 لوک سبھا نشستوں پر حکمراں پارٹی ٹی آر ایس کی کامیابی کو یقینی بنانے کی کوشش کے حصہ کے طور پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ حکمت عملی تیار کرنے میں مصروف ہیں ۔ لوک سبھا کی ایک نشست کو ٹی آر ایس کی دوست پارٹی کے لیے چھوڑ دیا گیا ہے ۔ 22 فروری سے شروع ہونے والے تلنگانہ اسمبلی بجٹ سیشن سے قبل چیف منسٹر اپنی کابینہ کی تشکیل کے لیے وزراء کے انتخاب کے ساتھ ساتھ لوک سبھا حلقوں کے لیے امیدواروں کو نامزد کرنے کے لیے تیزی سے کام کررہے ہیں ۔ مرکز میں ٹی آر ایس کے لیے بادشاہ گر کا موقف عطا کرنے کی غرض سے چیف منسٹر نے وفاقی محاذ کا خواب دیکھا تھا اور مختلف ریاستوں کی علاقائی پارٹیوں کے قائدین سے ملاقات کی تھی لیکن غیر بی جے پی ، غیر کانگریس ، علاقائی پارٹیوں نے جب انہیں واضح حمایت سے گریز کیا تو وہ مایوس ہوگئے ہیں ۔ اس لیے لوک سبھا انتخابات میں اپنے حصہ لینے کے بارے میں بھی انہوں نے ابھی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ 17 لوک سبھا حلقوں کے منجملہ انہوں نے اب تک 5 یا 6 حلقوں کے امیدواروں کو قطعیت دیدی ہے ۔ لیکن ضلع کھمم کے امیدوار کا انتخاب ان کے لیے درد سر بنا ہوا ہے ۔ 19 فروری کو ریاستی کابینہ کی تشکیل کے بعد ہی وہ لوک سبھا انتخابات کی تیاری کی راہ کو کشادہ کریں گے ۔ ٹی آر ایس نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں 11 حلقوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ بعد ازاں تلگو دیشم ، کانگریس اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ لوک سبھا میں ٹی آر ایس کی اکثریت 14 ہوگئی ۔۔