بہو کو ہراساں کرنے والا خسر، سرکاری ملازمہ کا پیچھا کرنے والا سڑک چھاپ و دیگر شامل
حیدرآباد۔ شی ٹیم راچہ کنڈہ نے لڑکیوں اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کرنے والے 33 منچلے افراد کو گرفتار کرلیا۔ جس میں ایک کمسن بھی شامل ہے۔ شی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کام کے مقامات کے علاوہ گھریلو زندگی میں بھی ناقابل بیان تکالیف اور اذیتوں کا شکار خواتین اپنے مسائل کو شی ٹیم سے رجوع کررہے ہیں۔ شی ٹیم نے ایک 65 سالہ شخص کے خلاف بھی مقدمہ درج کرلیا جو اپنی بہو کو ہراساں کررہا تھا۔ پیشہ سے خانگی ملازم خاتون نے خسر کے خلاف شکایت کی تھی کہ وہ اسے ہراساں کررہا ہے۔ خاتون خانگی ملازمت کرتی ہے اور اپنے سسرال والوں کے ساتھ رہتی تھی۔ اس کا 65 سالہ خسر اسے ہراساں کررہا تھا۔ اس کے ساتھ بدسلوکی اور مبینہ دست درازی کے علاوہ اکثر اسے حالت نیند میں پریشان کرتا تھا اور اس کے جسم کو چھوتے ہوئے مختلف قابل اعتراض حرکتیں کرتا تھا۔ ان اذیتوں سے تنگ آکر خاتون نے شکایت کردی۔ ونستھلی پورم کے علاقہ میں یہ واقعہ پیش آیا۔ اسی طرح کے ایک اور واقعہ میں خاتون سرکاری ملازم کی شکایت پر پولیس نے 38 سالہ شرون کمار کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق شکایت گذار خاتون جب اپنے دفتر سے گھر واپس ہوتی تو وہ اس کا پیچھا کرتا تھا اور اس کے انتظار میں رہتا۔ ایک دن اس خاتون نے اپنے شوہر کی مدد سے رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔ جب یہ خاتون دفتر سے آنے کے بعد باتھ روم میں نہانے کیلئے جاتی تو کھڑکی سے شرون کمار نظارہ کرتا تھا ۔ ایک دن اس خاتون کی نظر اس پر پڑی اور اس نے شوہر کو آگاہ کیا۔ دونوں نے اس بدقماش کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔ شی ٹیم نے گذشتہ دنوں اپنی کارروائی میں 11 کم عمر لڑکیوں کی شادی کو بھی رکوادیا۔ بھونگیر حدود میں 5، چوٹ اپل میں 2 ، کشائی گوڑہ میں 2 اور ایل بی نگر اور ابراہیم پٹنم میں ایک، ایک شادی کو رکوادیا۔