حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) رشتہ دار کی بیٹی سے محبت ایک شادی شدہ شخص کیلئے مہنگی ثابت ہوئی جہاں پنچایت اور سرعام رسوائی کے خوف سے اس شادی شدہ شخص نے خودکشی کرلی۔ کشائی گوڑہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا۔ بتایا جاتا ہیکہ بانوچندر جس کی عمر 30 سال بتائی گئی ہے، زندگی کے گذر بسر کیلئے بھونگیر ضلع سے بیوی بچوں کے ساتھ حیدرآباد منتقل ہوا اور یہاں شہر میں پینٹنگ کا کام کرتے ہوئے زندگی بسر کررہا تھا۔ دمائی گوڑہ علاقہ میں بابوچندر کا رشتہ دار رہتا تھا۔ بابو چندر اس رشتہ دار کے یہاں کام کرتا تھا۔ اس دوران اکثر رشتہ دار کے گھر آنا جانا لگا رہتا تھا۔ اس درمیان رشتہ دار کی لڑکی سے بانو چندر قریب ہوا اور دونوں میں بات چیت آگے بڑھ گئی۔ اس بات کی اطلاع ہونے پر رشتہ دار اور اس کی بیوی نے بانو چندر سے بات چیت کی اور اس کو ڈانٹ ڈپٹ کا نشانہ بنایا اور بانوچندر کی بیوی سے بات چیت کرتے ہوئے دونوں میاں بیوی کو پنچایت میں حاضر ہونے کیلئے دباؤ ڈالا۔ بانوچندر کی بیوی نے پولیس کو دیئے گئے اپنے بیان میں یہ بات بتائی۔ پنچایت میں شرکت اور رسوائی کے خوف میں پریشان بانوچندر نے خودکشی کرلی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔ع