لیبیا اور اٹلی کے مابین 10 سال بعد پروازوں کا دوبارہ آغاز

   

طرابلس: لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی اور جنگ زدہ لیبیا نے ایک دہائی قبل سے بند تجارتی پروازوں کا سلسلہ ہفتے کے روز سیدوبارہ شروع کر دی ہیں۔امریکہ کی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق لیبیا کی ائیرلائنز میڈ سکائی ایئرویز کی پرواز MT522 لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے بین الاقوامی ہوائی اڈے سے روم کے لیونارڈو ڈا ونچی- فیومیسینو ائیرپورٹ کیلئے روانہ ہوئی۔ طرابلس ائیرپورٹ حکام کے مطابق میڈ سکائی ایئرویز کی کمرشل فلائٹ اسی دن روم سے واپس طرابلس اترے گی۔ ائیرپورٹ انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ہفتہ واری دو فلائٹس سنیچر اور بدھ کو لیبیا اور اٹلی کے دارالحکومت کے درمیان راؤنڈ ٹرپ پرواز کریں گی۔
طرابلس میں وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ کی حکومت نے دوبارہ شروع ہونے والی پروازوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس سے متعلق تصاویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں اور مسافروں کو فلائٹ میں سوار ہوتے اور اہلکاروں کو جشن مناتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔شمالی افریقہ میں تیل کی دولت سے مالا مال ملک لیبیا میں 2011 میں معمر قذافی کی ہلاکت کے بعد افراتفری کے باعث اٹلی اور دیگر مغربی ممالک نے لیبیا سے پروازوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔