بیروت ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جرمن امدادی جہاز ’ایلان کردی‘ نے لیبیا کے ساحلوں کے قریب ایک مرتبہ پھر پناہ گزینوں کو بچایا ہے۔ سی آئی نامی تنظیم کے مطابق ان چوالیس پناہ گزینوں کو مالٹا کی نیوی کے حوالے کر دیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ مالٹا کی جانب سے اس امدادی کارروائی میں تعاون بھی کیا گیا۔ ابھی اتوار کو ایک طویل بحث و مباحثے کے بعد والیٹا حکام نے 65 پناہ گزینوں کو مالٹا میں داخلے کی اجازت دی تھی۔ یورپی کمشنر برائے امور داخلہ نے پناہ گزینوں کی تقسیم کے کسی عارضی طریقہ کار کو وضع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
پوٹن سے براہ راست بات چیت کرنے پر تیار ہوں، زیلینسکی
ماسکو ۔ 9 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وکرائن کے صدر وولودومیر زیلینسکی نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں زیلینسکی نے کہا کہ وہ روس کے جزیرہ نما کریمیا سے الحاق اور مشرقی یوکرائن کے تنازعے پر پوٹن کے ساتھ براہ راست بات چیت کرنے پر تیار ہیں۔ ان کے بقول وہ چاہتے ہیں کہ بیلا روس کے دارالحکومت منسک میں ہونے والے مذکرات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، فرانسیسی سربراہ مملکت ایمانویل ماکروں، برطانوی وزیر اعظم ٹریزا مے اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل بھی شریک ہوں۔