لیون 13 سال بعد گھریلو ٹسٹ سے باہر ہوئے

   

بریسبین 4 ڈسمبر (ایجنسیز)آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پنک بال ٹسٹ کا آغازحیران کن فیصلے کے ساتھ کیا۔ اس فیصلے کا تعلق ٹیم کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لیون سے ہے، جنہیں گابا ٹسٹ کے لیے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا گیا۔ آسٹریلیا کے قائم مقام کپتان اسٹیو اسمتھ نے ٹاس کے دوران اعلان کیا کہ مائیکل نیسر نے نیتھن لیون کی جگہ لی ہے۔ نیتھن لیون کو ٹیم سے باہر کیے جانے سے آسٹریلیا کا ٹسٹ میں 69 میچوں کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ یہاں 69 ٹسٹ سیریز سے مراد وہ ہوم ٹسٹ ہیں جن میں نیتھن لیون مسلسل آسٹریلیا کے پلیئنگ الیون کا حصہ رہے ہیں۔ دسمبر2011 میں شروع ہونے والے نیتھن لیون کے ٹسٹ کیریئر میں یہ صرف دوسرا موقع ہے کہ انہیں ہوم ٹسٹ سے باہرکیا گیا ہے۔ آخری اور پہلی بار لیون کو کسی ہوم ٹسٹ میں پلیئنگ الیون سے خارج کرنے کا فیصلہ 13 جنوری 2012 کو ہندوستان کے خلاف لیا گیا تھا اور اب 13 سال بعد انہیں دوبارہ ہوم ٹسٹ سے خارج کیا گیا ہے۔ 13 جنوری 2012 اور4 دسمبر 2025 کے درمیان ناتھن لیون نے گزشتہ 5082 دنوں میں آسٹریلیا کے لیے لگاتار69 گھریلو ٹسٹ کھیلے ہیں۔